اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں،سید طارق محمود الحسن

گلاسگو (تارکین وطن نیوز) اسکاٹ لینڈ میں قونصل جنرل پاکستان سید زاہد رضا نے پاکستان قونصلیٹ میں پنجاب اوورسیز کمیشن کے وائس چیئرمین سید طارق محمود الحسن کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں اسکاٹ لینڈ کے مختلف شہروں سے ہر شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کی۔

سید زاہد رضا نے مہما نوں کا تعارف کرایا ۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے آبائی ملک کیلئے شاندار خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ افراد ملکی معیشت خصوصاً زرمبادلہ کے سلسلے میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، یہ لوگ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں۔

شرکاء نے پاکستان میں درپیش آنے والے مسائل مثلاً زمینوں پر قبضے اور دیگر مختلف معاملات پر اپنی شکایات پیش کیں۔ مخدوم سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ انہوں نے چارج سنبھالتے ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرانے پر خصوصی توجہ دی ہے اور اسی وجہ سے وہ خود عوام کے پاس جاکر نہ صرف ان کے مسائل کو سن رہے ہیں بلکہ ان کو حل کرنے کی ہر ممکن یقین دہانی بھی کرا رہے ہیں۔

پنجاب اوورسیز کمیشن نے مختلف شعبوں میں بے شمار افراد کے معاملات حل کرادیئے ہیں، قبضہ مافیا سے زمینیں چھڑائی ہیں، سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ بعض افراد کمیشن کو درخواستیں دینے کے بعد کئی کئی ماہ تک خطوط کا جواب نہیں دیتے جس سے مسائل کے حل میں تاخیر ہو جاتی ہے ،اس سلسلہ میں درخواست دہندگان کو ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب دونوں ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment