اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر) ناروے اوسلو میں فلاحی تنظیم’’الخیرریلیف ناروے‘‘ کی جانب سے پیر سید شمس الدین شمس گیلانی کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اوسلو کی معروف شخصیات جن میں اصغر شاہد، طاہر سلام، طلعت بٹ، طیب چوہدری، راشد ندیم، راجہ اقبال، منشاء خان، راجہ غالب، محمد سعید راجپوت، انجم وڑائچ، معصوم زبیر، ڈاکٹر افتخار احمد،جذبہ نیوز کے ایڈیٹرافضال طاہر،معروف صحافی میاں محمد صفدر اور دیگر نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر حافظ محمد جمیل نے تلاوت قرآن مجید سے کیا، عبدالمنان، حاجی احمد اعوان اور محمد مدثر نے بارگاہ رسولؐ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔
الخیر ریلیف ناروے کے چیئرمین حافظ عزیز الرحمن جمیل نے پیر سید شمس الدین شمس گیلانی اور تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور الخیر ریلیف کا مختصر تعارف پیش کیا۔
پیر سید شمس الدین شمس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دونوں بھائیوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں ایک عظیم الشان مسجد اور اسکے ساتھ ایک مدرسہ قائم کرنے جارہے ہیں جس میں دو ہزار طلباء تعلیم حاصل کر سکیں گے اور ان کی رہائش کے لیے ہوسٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد گرامی پیر سید نصیر الدین نصیر ؒ نے آج سے بیس برس قبل جس مشن کا آغاز کیا تھا، کچھ مسائل کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہو گیا مگر اب انشاء اللہ اُن کے مشن کو مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدرسے میں مختلف شعبے قائم کیے جائیں گے جس میں ختم نبوت کے حوالے سے بھی ایک شعبہ قائم کیا جائے گا جس میں آگاہی پروگرام اور کورسسز بھی کروائیں جائیں گے۔
پیر سید شمس الدین شمس، حبیب طاہر، حاجی احمد اعوان اور حافظ عزیز الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔