انہوں نے حال ہی میں دبئی میں ورلڈ باکسنگ کونسل ایشیا کانٹی نینٹل کا ٹائٹل جیتا ہے
تیمور خان کی کامیابیاں پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں، سفیر پاکستان
تیمور خان ایک پاکستانی باکسراورایشین باکسنگ فیڈریشن ہیوی ویٹ چیمپئن ہیں
سفیر نے پاکستانی نوجوانوں میں کھیلوں کے مضبوط کلچر کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستانی باکسر تیمور خان کو پاکستان قونصلیٹ جنرل دبئی میں سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایک شناختی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ سے نوازا۔
تیمور خان ایک پاکستانی باکسراورایشین باکسنگ فیڈریشن ہیوی ویٹ چیمپئن ہیں، جنہوں نے حال ہی میں دبئی میں ورلڈ باکسنگ کونسل ایشیا کانٹی نینٹل کا ٹائٹل جیتا ہے۔ تیمور خان نے جسکرن سنگھ کو پہلے راؤنڈ میں تکنیکی ناک آؤٹ میں تیس سیکنڈز میں شکست دی جو ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) کلر ورلڈ کپ ورلڈ ٹور کا حصہ تھا۔
اس موقع پر سفیر ترمذی نے تیمور خان کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں پاکستان کے لیے باعث فخر ہیں اور یہ پاکستان کی صلاحیتوں کی روشن مثال ہیں۔
سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی نے پاکستانی نوجوانوں میں کھیلوں کے مضبوط کلچر کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جو نہ صرف جسمانی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے بلکہ اس طرح کی کامیابیوں کے ذریعے قومی فخر کو بھی بلند کرتا ہے۔
تیمور خان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے ان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی ان لوگوں کےلئے لامتناہی امکانات کا منہ بولتا ثبوت ہے جو اپنے خوابوں کےلئے سخت محنت کرتے ہیں اور ملک کے لئے نیک نامی کا با عث بنتے ہیں۔
اس موقع پرپاکستان ایسوسی ایشن دبئی کی سپورٹس کمیٹی کے ہیڈ نعیم رسول، عبدالباسط ، شاہد جمیل قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کی پریس قونصلر شازیہ سراج، صحافی اور پاکستانی کمیونٹی کے دیگر لوگ بھی موجود تھے۔