علامہ قاضی عبد العزیز چشتی کی جانب سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں سالانہ میلاد النبیؐ کانفرنس کا انعقاد

لندن(تارکین وطن نیوز) مفکر اسلام عالمی مبلغ، روحانی پیشوا، پروفیسر ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی نے کہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کو کائنات کے لیے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و آلہ و سلم کی تشریف آوری سے کائنات میں ہر طرف نور ہی نور پھیل گیا اورکفر کے اندھیرے چھٹ گئے۔ وہ گزشتہ روز علامہ قاضی عبد العزیز چشتی کی جانب سے جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن میں منعقدہ سالانہ جشن میلاد النبی ؐکانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کائنات کا سب سے اہم دن آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی ولادت کا دن ہے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ وہ اس اہم دن پر کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا گو ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر کے مسلمانوں پر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے انہوں نے آزادی فلسطین کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی۔میزبان اور مہتمم جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن علامہ قاضی عبد العزیز چشتی نے کہا کہ آج جامعہ اسلامیہ غوثیہ میں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا میلاد منایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ کہ حضور اکرم صلعم کی آمد سے کائنات روشن اور منور ہو گئی۔

آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے سے ہی ہمیں آج جن مختلف مسائل کا سامنا ہے ان کے تدارک میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کو آر ڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما راجہ محمد یعقوب خان کے جواں سالہ بیٹوں کی رحلت پر اجتماعی تعزیت کی اور ان کے دکھ کو کمیونٹی کا دکھ قرار دیا۔ انہوں نے نومبر سے غوثیہ فیونرل سروس کی سروسز کو مفت مہیا کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری دلدار علی آبرو نے کہا کہ اللہ پاک ہم سب کو سنت رسولؐ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی زندگی سے زیادہ کوئی رول ماڈل نہیں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اسوہ پر عمل کرکے ہی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے لوٹن میں مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع کا ذکر بھی کیا اور پروگرام میں شریک پولیس سربراہان، علما و مشائخ اور کمیونٹی کو خوش آمدیدکہا۔مئیر لوٹن کونسلر محمود حسین نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی سنت، سیرت اور قرآن پر عمل ہی میں راہ نجات ہے۔ اس موقع پر علامہ فاروق چشتی، قاری واجد چشتی، قاضی ضیاء المصطفیٰ نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر علامہ قاضی عبد العزیز چشتی کی اس کاوش کو خصوصی طور پر سراہا گیا کہ وہ ہر سال 12 ربیع الاول کو میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کرتے ہیں۔ پیر سید مزمل حسین شاہ نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک ہمیں میلاد کانفرنسوں کو منانے کا سلسلہ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

سید فصیح الدین سروردی، سید الطاف حسین کاظمی، قاری محمد اجمل نوری اور اویس برادران نے ہدیہ نعت پیش کیا، تلاوت قرآن پاک کی گئی۔شرکاء میں کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کوار ڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان ، ناصر بشیر، سابق میئرریاض بٹ، راجہ وحید اکبر اور طاہر ملک، سماجی شخصیات شبیر مغل اور راجہ قیوم، حافظ آفتاب ،آزاد ملک نکیالوی، تاج محمد ، پولیس اینڈ کرایم کمشنر، طارق چوہدری ، محمد طارق، قاضی عبدل رشید چشتی، قاری کامران ،سید تاثیر شاہ، محفوظ بٹ، راجہ محمد یعقوب، راجہ اسلم کیانی، صاحب زادہ چوہدری محمد صابر مرحوم، ممتاز بٹ اور بہت بڑی تعداد میں کمیونٹی شامل تھی۔ اس موقع پر تمام شرکاء کے لیے لنگر شریف کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔

Comments (0)
Add Comment