تعارفی ملاقات میں کمیونٹی کو درپیش مسائل اور ان کے حل پہ تبادلہ خیال کیا گیا
کوشش ہے ہموطنوں کے مسائل حل ہوں اور ہمارے تمام آفیسرز اپنی ذمہ داریاں میرٹ پہ ادا کریں،ہائی کمشنر
کوالا لمپور(محمدوقارخان)ملائشیا میں نو تعینات ہائی کمشنر سید احسن رضا نے پاکستان پریس کلب ملائشیا کے عہدیداران سے خصوصی ملاقات کی ۔واضح رہے حال ہی میں تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کی صحافیوں سے پہلی تعارفی ملاقات تھی ، جس کا مقصد ملائشیا میں رہنے والے ہموطنوں کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل کی تلاش تھا ۔
ملاقات میں صدر پاکستان پریس کلب ملائشیا اویس تاج چوہدری ، سرپرست جام سیف اللہ ، چیئر مین عرفان لطیف سیفی ، سینئر نائب صدر داتو جمیل حمید ، نائب صدر سید خرم عباس شیرازی ، جنرل سیکرٹری محمد وقار خان ، خرم شہزاد ڈار اور سینئر صحافی جاوید الرحمان کھرانہ شریک تھے ۔
ملاقات میں دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے ویزوں ، معمولی نوعیت کے جرائم میں قید ہموطنوں کی رہائی ، پاکستان ملائشیا امپورٹ ایکسپورٹ بڑھانے ، ملائشیا میں پاکستانی سکول کے قیام اور سباء سراواک کی ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے سب قونصلیٹ آفس کے قیام سمیت متعدد اہم مسائل اور تجاویز زیرغور لائی گئیں ۔
ہائی کمشنر سید احسن رضا نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہموطنوں کے مسائل حل ہوں ، اور ہمارے تمام آفیسرز اپنی ذمہ داریاں میرٹ پہ ادا کریں ۔انہوں نے مذید کہا کہ صحافی اپنے ہموطنوں سے ہروقت رابطے میں رہتے ہیں ، لہذا انہیں کسی بھی قسم کی مایوسی اور خوف سے بچائیں اور انہیں تسلی دیں کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہم ہر وقت حاضر ہیں ۔
ہم اپنے شہریوں کی مشکلات سے آگاہ ہیں ، اور متعلقہ مقامی اداروں سے رابطے میں ہیں ، کہ جس قدر ممکن ہو اپنے لوگوں کئلیے سہولیات حاصل کی جاسکیں ۔انہوں نے مذید بتایا کہ ملائشیا میں کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی موجود ہے اور ہمارا تاثر مقامی کمیونٹی میں بہت مثبت ہے ،ہمیں اس تاثر کو مذید بہتر بنانا ہے ، اسکے ساتھ ساتھ ہم اپنے لوگوں کے ڈیٹا کو ریگولیٹ کریں گے۔
کوشش کریں گے کہ ملائشیا میں افرادی قوت کی مانگ کو زیادہ سے زیادہ اپنے لوگوں کی فراہمی سے پورا کیا جائے ۔ملاقات میں ہائی کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد عادل ، ویزہ کونسلر یاسر کیانی ، ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر حسیب امین اور تھرڈ سیکرٹری امیر حسن شریک تھے ۔