نو مئی کو پاک فوج کے شہداء کی توہین کی گئی، ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا

میاں نواز شریف پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں

سابق ایم پی اے پنجاب شیخ اعجاز احمد کا ریاض میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

ریاض (وقار نسیم وامق) پنجاب اسمبلی کے سابق رکن، فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیئرمین اور مسلم لیگ ن فیصل آباد کے صدر شیخ اعجاز احمد کے اعزاز میں سعودی دارالحکومت ریاض میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لیگی عہدیداروں اور اراکین کے علاوہ پیپلزپارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور پی وائے او کے عہدیداروں سمیت ادبی اور صحافتی تنظیم کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس موقعہ پر تقریب کے میزبان صدر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب شیخ سعید احمد نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہل ریاض کا یہ خاصہ رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان سے آنے والے معزز مہمانوں کا گرم جوشی اور دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خیر مقدم کیا ہے اور جس طرح سے لیگی اراکین اور دیگر سیاسی جماعتوں نے تقریب کو رونق بخشی ہے اس پر وہ تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی سابق رکن پنجاب اسمبلی شیخ اعجاز احمد نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سعودی عرب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اس گلدستے میں شریک ہوکر بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور جس طرح سے یہاں لوگ ایک دوسرے کے ساتھ باہمی احترام اور یگانگت کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ قابل دید ہے۔

شیخ اعجاز نے ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2018 سے قبل پاکستان درست سمت پر گامزن ہوچکا تھا ملک ترقی کر رہا تھا اور عوام خوشحال تھے بے روزگاری سمیت ملک میں بجلی، پیٹرول اور گیس جیسے بحرانوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا گیا تھا مگر عمران خان کی شکل میں پاکستان پر وہ آفت آن پڑی جس نے ملک کو اس ڈگر پر ڈال دیا جو تباہی کی جانب جاتی تھی،ملک میں بدتمیزی کا ایسا کلچر دیا گیا جس نے متحد قوم کو ایک بار پھر سے تقسیم کر دیا اور پاکستان کی ترقی کا سفر رک گیا اور لوگ معاشی بحران سے دوچار ہوگئے،عمران خان اور اسکے حواریوں نے کرپشن کا بازار گرم کیے رکھا اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے قرضے لیکر حالات کو بگاڑ کر رکھا دیا دوسرے کے خلاف سیاسی مقدمات کے ذریعے سیاسی انتقام لینے والا عمران خان آج کرپشن کے کیسز میں جیل بھگت رہا ہے اور جیل سے بچنے کیلئے رو رہا ہے۔

شیخ اعجاز کا کہنا تھا کہ جمہوریت ایک ایسا طرز عمل ہے جس میں ایک دوسرے سے اختلاف ہونے کے باوجود سیاسی عمل کو آگے بڑھایا جاتا ہے مگر عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی سیاسی عمل کو سبوتاژ کیا اور اپنے مخالفین کو دیوار سے لگایا اور نو مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا جس کی پلاننگ سے کورکمانڈر ہاوس سمیت دیگر فوجی تنصیبات پر حملہ کیا گیا. پاک فوج کا ہر جوان محب وطن پاکستانی ہے جو اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر پاکستان اور اسکی عوام کو محفوظ بناتے ہیں مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ نو مئی کو پاک فوج کے شہداء کی توہین کی گئی۔

شیخ اعجاز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان آئیں گے اور ملکی سیاست میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور ایک بار پھر پاکستان کی عوام ان کو اقتدار سونپے گی کیونکہ میاں نوازشریف ہی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اوورسیز پاکستانی بھی آئندہ الیکشن میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تقریب سے بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن، احسن عباسی، وسیم ساجد، اعجاز رحیم، جی ایم اعوان، مولانا عزیز الرحمان درانی، وقار نسیم وامق، مخدوم امین تاجر نے بھی خطاب کیا اور شیخ اعجاز کو سعودی عرب آمد پر عمرہ اور روضہ رسولؐ پر حاضری کی مبارکباد دینے کے علاوہ ریاض آمد پر خوش آمدید کہا۔تقریب کی نظامت کے فرائض مسلم لیگ ن ریاض ریجن کے سیکرٹری جنرل مرزا منیر بیگ نے ادا کئے۔

Former MPA Punjab Sheikh Ijaz Ahmedsaudi arabiaسابق ایم پی اے پنجاب شیخ اعجاز احمد
Comments (0)
Add Comment