متحدہ عرب امارات میں مقیم طلبہ کے درمیان مقابلہ حسن قرات کا انعقاد ہوا
مقابلہ حسن قرأت کی صدارت کراچی کے مشہور زمانہ قاری الشیخ سعد نعمانی نے کی
متحدہ عرب امارات اوقاف کی جانب سے مقرر کردہ خطیب احمد حامد اورپاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے نائب صدر ڈاکٹر شاہد زمان کی خصوصی شرکت
مقابلہ حسن قرات میں حصہ لینے والوں کومہمانان خصوصی کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے
دبئی (طاہر منیر طاہر) ربیع الاول کی مناسبت سے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے زیر اہتمام ہادی عالمﷺ کے عنوان سے سیرت کی تقریب منعقد کی گئی ۔
یہ تقریب پاکستان ایسوسی ایشن کی تاریخ کی اس لحاظ سے بھی منفرد تقریب تھی کہ اس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم طلبہ کے درمیان مقابلہ حسن قرات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں طلبہ نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ مقابلے میں اول دوم سوم آنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں کراچی سے تعلق رکھنے والے مشہور زمانہ قاری الشیخ سعد نعمانی مسند صدارت پر متمکن تھے۔ متحدہ عرب امارات اوقاف کی جانب سے مقرر کردہ خطیب احمد حامد اورپاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے نائب صدر ڈاکٹر شاہد زمان نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز محمد عثمان یوسف نجمی نےاللہ تعالیٰ کے بابرکت کلام پاک کی تلاوت سے کیا۔ بعد ازاں عماد الحسن نے بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ نعت اپنے دلکش ترنم کے ساتھ پیش کیا ۔
پاکستان ایسو سی ایشن دبئ کی کلچر کمیٹی کے ہیڈ سید طہ علی نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ اس کے بعد احمد حامد کا خطاب ہوا۔ جس میں انھوں نے نبی کریم ﷺ کی سیرت پاک کے مختلف گوشوں کو بیان کرتے ہوئے زور دیا کہ ہمارے فکری، اخلاقی اور سماجی مسائل کا علاج یہی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو پیارے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں ڈھال لیں۔ قاری الشیخ سعد نعمانی تلاوت کلام پاک فن میں ایک لیونگ لیجنڈ یا زندہ کرامت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ہمارے عہد میں ہی نہیں بلکہ اسلامی تاریخ میں آپ جیسا کمال رکھنے والی شخصیات کم ہی ہوں گی۔
وہ ایک ہی جلسہ میں یکے بعد دیگرے 99 مختلف لہجوں میں تلاوت کر کے سامعین کی عقل و سماعت کو حیران کردیتے ہیں۔ حضرت شیخ اپنی تلاوت سے کلام الہی کے جمال و جلال کا جو سماں باندھتے ہیں اسے صرف محسوس کیا جا سکتا ہے بیان نہیں کیا جا سکتا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ مبارک میں کہیں تو قاری الشیخ سعد نعمانی کے گلے میں بھی آل داود کے مزامیر ہیں۔
حضرت شیخ نے تلاوت سے پہلے قران پاک کو صحت کے ساتھ پڑھنے اور اس کو اپنی خوش الحانی سے سنوارنے کی اہمیت پر بہت مفید مشورے بھی دئیے۔ سلطان فاتح نے نتائج کا اعلان کیا۔ مہمانان خصوصی کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے۔