ویانا (اکرم باجوہ) مسجد المدینہ ویانا میں سالانہ جشن عیدمیلادالنبی ( صلی) کے سلسلہ میں زکر نعت محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں آسٹریا بھر کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت کے علا وہ ناروے سے علامہ نور علی سیالوی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور خصوصی خطاب فرمایا، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔
نظامت کے فرائض مسجد المدینہ کے سرپرست اعلیٰ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے ادا کرتے ہوئے حاضرینِ شرکاء اور مہمان خصوصی کو تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور عید میلاد النبی ( صلی) کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جو کچھ بھی کائنات میں حسن نظر آرہا ہے یہ سب اللہ پاک نے اپنے محبوب کے صدقے میں عطا کیا گیا ہے۔
تقریب میں ڈاکٹر عزت عواد اور اہل تشیع کے علامہ ڈاکٹر والڈ مان نے بھی جرمن زبان میں خطاب کیا اور میلاد النبی (صلی) پر روشنی ڈالی۔
مختلف نعت خواں محمد زیشان، حاجی محمود،خلدعباس،ممتاز حسین،طیب اور یورپ کے معروف نعت خواں شہر یار خان ودیگر نے نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہدیہ نعت پیش کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی علامہ نور علی سیالوی نےاپنے مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک نے ہمیں اپنا محبوب دیا کوئی اپنا محبوب کسی کو نہیں دیتا۔
ہمیں حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت بڑی دھوم دھام سے منانی چاہیے اور مناتے ہیں ہمیں اگر زندگی میں کامیابی چا ہئے تو حضورؐ کے فرمانوں پر عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نے مذید کہا کہ ہم نمازِیں پڑھیں، زکوٰۃ دیں حج کریں تب تک کوئی فائدہ نہیں جب تک ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت نہیں کرتے ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمیں حضورؐ کا امتی بنایا۔
تقریب کے اختتام پر شہر یار خان نے حاضرین شرکاء محفل کے ساتھ مل کر درود وسلام پیش کیا اور علامہ نور علی سیالوی نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ،فلسطین،کشمیر اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی اور حاضرینِ شرکاء کے لواحقین جو اس دنیا سے رخصت فرما چکے ہیں انکی مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔