محفلِ میلاد النبی میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی
کوالالمپور (محمد وقار خان) کوالالمپور میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بابرکت محفل کا انعقاد کیا گیا،محفل میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
تفصیلات کے مطابق ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں سرکار دو عالم صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کی اس جہانِ رنگ و بو میں تشریف آوری کی خوشی میں محفل میلاد منائی گئی ،جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مرد و خواتین نے بھرپور مذہبی عقیدت و احترام سے شرکت کی ۔
تلاوت قرآن پاک سے محفل کا آغاذ کرنے کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ و آلہ وسلم کا سلسلہ شروع ہوا ، اور نعت خواں حضرات نے خوش الحانی سے خدمت اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے ۔
سیرت رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پہ روشنی ڈالتے ہوئے علماء کرام نے شرکا سے محبوب خدا کی سیرت پہ عمل پیرا ہونے کی اپیل کی اور نماز کی پابندی کے ساتھ ساتھ اخلاق طیبہ کی پیروی کی بھرپور تلقین کی ۔
نیز مقررین نے بتایا کہ کس طرح آقائے دو جہاں کی ولادت با سعادت سے زمین کاذرہ ذرہ خوشیوں سے نہال ہوگیا تھا ۔
سرکارِ دو عالم کی تشریف آوری سے ہرسو رونما ہونے والے معجزات ، اس ہستی کی ولادت کی خبر دیتے تھے کہ جس کی خاطر یہ بزمِ دوجہاں سجائی گئی ۔
درودوسلام سے سجی اس محفل کے آخر میں تمام امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت کی دعا کی گئی ، خصوصاً دیارغیر میں بیماری یا مسائل کے شکار پردیسیوں اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کی گئی ۔