کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) منہاج القرآن انٹرنیشنل کویت کے زیر اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری چیئر مین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے خصوصی طور پر شرکت کی جو اپنے 6 روزہ خصوصی دورہ پر کویت میں موجود ہیں۔
منہاج القرآن کی جانب سے منعقدہ تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا تنظیمی خدمت اس وقت تک ثمر بار نہیں ہو سکتی، جب تک اس میں نظم و ضبط، ڈسپلن، اجتماعیت اور قائد کی راہبری شامل نہ ہو۔
جب کسی کو قائد تسلیم کر لیں تو پھر اس کے حکم کی بجا آوری کے لئے جُت جائیں، قائد کو مان کر قائد کے احکام پر عمل کرنا ہی منزل کی طرف لے جاتا ہے۔ اگر کسی تنظیم، جماعت، کارکنان میں ڈسپلن اور اجتماعیت نہیں ہے تو وہ کوہلو کے بیل کی طرح گھومتے تو رہیں گے لیکن فائدہ کچھ نہیں ملے گا اور آخر پر پتا چلے گا کہ جہاں سے چلے تھے وہی پر کھڑے ہیں، نامہ اعمال تو سالوں کی دوڑ دھوپ کے بعد خالی ہے۔
جماعت میں رہنا بردباری، محبت، نظم و ضبط، خلوص اور احساس سکھاتا ہے۔ اللہ تعالی اور آقا کریم نے جماعت کو پسند کیا۔ اگر آپ جماعت میں رہ کر بھی جماعت کو بھول گئے تو اس کا مطلب یہ ہوا آپ جماعت میں تو رہے لیکن جماعت نہ بن سکے، تنظیم میں تو رہے لیکن تنظیم والے نہ بن سکے، اس گورکھ دھندے سے نکلے بغیر دل کا آئینہ صاف نہیں ہو گا۔ اگر منزل کی تمنا ہے تو منزل جم کر بیٹھنے والوں کو ملتی ہے، تنظیم والوں کو ملتی ہے۔
پراگندہ خیالات اور نظم و ضبط، ترتیب کے بغیر منزل کا حصول مشکل ہے، اللہ تعالی صف بستہ جماعتوں سے پیار کرتے ہیں۔ سیسہ پلائی دیوار بن کر رہیں گئے تو کوئی آپ کو زیر نہیں کر سکتا۔ بکھرے ہوئے رہنا شیطان کے نظریے کو پروان چڑھاتا ہے۔ اگر کچھ بننا چاہتے ہیں منزل کا حصول چاہتے ہیں ،تو مل کر جماعت بن کر رہا کریں، الگ الگ ہو کر رہنا چھوڑ دیں۔ اگر الگ رہیں گے تو تنظیم بکھر جائے گی۔
آخر میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے دعائیہ کلمات ارشاد فرمائے۔ ورکرز کنونشن میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض میاں آصف کمال نے ادا کیے جب کہ تلاوت مختار احمد سعیدی، درود پاک عبدالرؤف بھٹی، نعت رسول مقبول ﷺ صوفی عبدالمجید نے پڑھی۔