ابوظہبی (سپورٹس رپورٹ) نیو یارک اسٹرائیکرز نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں دکن گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لیتے ہوئے 7 ویں ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کے نئے چیمپیئن کا تاج پہن لیا ۔ یہ میچ انہوں نے 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔
پاکستانی بلے باز آصف علی نے 25 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کپتان کیرون پولارڈ کے چوتھی وکٹ کے لیے 29 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔
پولارڈ نے 13 گیندوں پر ایک چوکی اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 21 رنز بنائے اور چار گیندیں باقی رہتے ہوئے فائنل جیت لیا۔ اس طرح انہوں نے ٹرافی اٹھائی اور ایک لاکھ ڈالر انعامی رقم وصول کی۔
نیو یارک اسٹرائیکرز گزشتہ ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کا حصہ بنی تھی اور دونوں میں فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ گلیڈی ایٹرز گزشتہ دو ایڈیشن کی فاتح تھی اور اس بار جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے کی خواہش مند تھی تاہم اس کا یہ خواب پورا نہ ہوسکا اور اسے رنراپ کے طور پر 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملی۔
گلیڈئیٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اووز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے سٹرائیکرز نے یہ اسکور 9.2 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ گزشتہ ایڈیشن میں گلیڈئیٹرز نے سٹرائیکرز کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔
آصف علی کو میچ آف دی میچ، عقیل حسین ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور بالر، ٹام کوہلر بہترین بلے باز اور محمد جواد اللہ یواے ای کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔