نوٹنگھم (تارکین وطن نیوز) چیئرمین جموں وکشمیر اوورسیز کونسل یوکے راجہ جاوید اقبال نے 10 دسمبر عالمی یوم انسانی حقوق کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دنیا انسانی حقوق کا عالمی دن منانے سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر کی مظلوم عوام پر ڈھائے جانیوالے انسانیت سوز مظالم، بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام، مہلک ہتھیاروں کے استعمال اور بے جا گرفتاریوں، چادر اور دیواری کے تقدس پامالی کا ٹھوس نوٹس لے تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔
راجہ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا انسانی حقوق کا دن منا رہی ہے مگر کئی برسوں سے مقبوضہ جموں کشمیر کی عوام بھارت کے پنجہ استبداد میں جو ظلم، انسانیت سوز مظالم، بربریت سہہ رہی ہے، اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی جس پرعالمی برادری اور انسانی حقوق پر کام کرنیوالی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں جن کیلئے ہم آج سوالیہ نشان چھوڑ رہے ہیں۔
کیا آخر انہیں مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے آئے روز انسانیت ساز مظالم، مہلک ہتھیاروں کا استعمال، زخم رسیدہ بدن، آنکھوں سے محروم ہونے والے انسان،زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم رکھنا، 9 لاکھ فوج کے جبر،گمنام قبریں، ماورائے عدالت قتل عام نظر نہیں آرہے۔
اس ساری صورتحال کے پیش نظر دنیا کو تماشائی نہیں بننا چاہیے اور خطہ میں بڑھتی کشیدگی سمیت انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔راجہ جاوید اقبال نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یورپی یونین، او آئی سی، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن،سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال کو جانتے ہوئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔