چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کو انسانی حقوق ایوارڈ ملنے پر برسلز میں تقریب پذیرائی

برسلز (نمائندہ خصوصی) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کو انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر ان کے اعزاز میں گذشتہ روز یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب پذیرائی کا انعقاد پاکستان پریس کلب بیلجئیم اور دیگر یورپین پاکستانی سماجی تنظیموں بشمول اتفاق ویلفیئر سوسائٹی بلجئیم، ای یو پاک بیلجئین فیڈریشن، پاک بلج ویلفیئر ایسوسی ایشن اور پاکستان سوشوکلچرل ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

اس تقریب پذیرائی کا آغاز حافظ عامر رضا چشتی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ تقریب کی صدارت معروف سکالر اور تاریخ دان ڈاکٹر اسلم سید نے کی اور نظامت کے فرائض پاکستان پریس کلب بلجیئم کے صدر چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیئے۔

انسانی حقوق کا ایوارڈ ملنے پر شرکاء نے علی رضا سید کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تقریب کے مقررین میں ڈاکٹر اسلم سید، سردار صدیق، سردار محمود اقبال، چوہدری زاہد بھدر، شکیل گوہر، ندیم بٹ دانی، راؤ مستجاب احمد ، کینتھ رائے، ملک اجمل، حاجی پرویز، عمران مرزا، ناصر چوہدری اور عزیر چوہدری شامل تھے۔

مقررین نے عالمی سطح پر کشمیر کاز کے لیے جدوجہد خصوصاً یورپ میں مظلوم کشمیریوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید کی گذشتہ بیس سالہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علی رضا سید نے یورپ کے تمام اداروں خاص طور پر یورپی پارلیمنٹ اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس اور یورپی سیاستدانوں اور یورپی حکام کو مسئلہ کشمیر اور خصوصاً کشمیریوں کے حقوق کے بارے میں آگاہ کرنے کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مقررین نے مزید کہاکہ علی رضا سید اور ان کے ٹیم نے پچھلی دو دہایئوں میں یورپ کے مختلف ملکوں میں عوامی سطح پر آگاہی مہم کے دوران  بے شمار کیمپس لگائے، جلوس نکالے اور مظاہرے کئے اور یورپ بھر میں یک ملین دستخطی مہم کے ذریعے یورپی عوام کو مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور کشمیریوں کے حق میں  یورپ کی حمایت حاصل کرنے کوشش کی۔

اس موقع پر چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے تقریب پذیرائی کے انعقاد پر پاکستان پریس کلب بلجیئم اور دیگر میزبان  تنظیموں کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ بھارت گذشتہ 76 سالوں سے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو غصب کر رہا ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل میں روکاٹیں پیدا کررہا ہے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی، ماورائے عدالت قتل عام و قید وبند، ٹارگٹ کلنگ، جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو جان سے مارنے، جبری گمشدگی، خواتین کی بے حرمتی اور انسانیت کے خلاف دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔ اب تک بھارت جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے آبادی کے تناسب کو کم کرنے کے لیے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سمیت مزید اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرچکا ہے۔

علی رضا سید نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے ہم اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Ali raza syed Receptionچیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید
Comments (0)
Add Comment