اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) منہاج رابطہ کمیٹی ناروے کا اجلاس چیئر مین رابطہ کمیٹی چوہدری مشتاق احمد برنالی کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ممبران سے رابطے اور دعوتی و تبلیغی کام کو بہتر انداز میں سرانجام دینے پر گفتگو کی گئی۔
چوہدری مشتاق احمد برنالی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رابطہ کمیٹی کی کاوشوں سے منہاج القرآن کے ممبران کے ساتھ رابطہ میں بہتری آئی ہے اور نئے ممبران کا بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر چوہدری ساجد حسین اور راشد علی اعوان کو ممبران سے رابطہ بہتر کرنے میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر خراج تحسین پیش کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
الحاج افضل انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبران سے فعال رابطے کے لیے ضروری ہے کہ اہل علاقہ، تحریکی وابستگان کی تعزیت، عیادت اور انکی خوشی و غمی میں شرکت کریں اور انہیں ہر طرح کی مدد مہیا کریں۔ منہاج رابطہ کمیٹی کے مرکزی رہنما حاجی میاں محمد اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دعوت و تبلیغ کا فریضہ سرانجام دینے کی توفیق مل جانا ایک بہت بڑی نعمت ہے۔
اجلاس میں منہاج القرآن سویڈن کے صدر علامہ سید محمود شاہ کی وفات پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ سویڈن اور ڈنمارک میں منہاج القرآن کے فروغ کے لیے سید محمود شاہ کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سید محمود شاہ اور الحاج ماسٹر علاؤالدین کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جن دیگر ممبران نے شرکت کی ان میں ظفر سیال، فیض عالم، محمد ادریس، حاجی محمد ریاض، اعجاز خوشی اور نجم الثاقب شامل ہیں۔