اسٹاک ہوم (زبیر حسین) سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے حوالے سے ن لیگ کے مرکزی دفتر میں تقریب منعقد کی گئی ، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے حافظ سجاد نےکیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ سویڈن کے صدر سعید شیخ کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ کو اس لئے قوم نے حکیم الامت کا خطاب دیا کہ انہوں نے عالم اسلام کے مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کے حل پیش کئے۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی شاعری نوجوان کے گرد گھومتی ہے، اس لئے کہ وہ مسلم نوجوانوں کو ہی قوم کی خوشحالی اور مضبوطی کا ذمہ دار سمجھتے تھے، انہوں نےکہا کہ اقبال مغربی نظام کے مخالف تھے اسی لئے سرمایہ دارانہ نظا م کے خلاف باقاعدگی سے لکھتے رہے۔ علامہ اقبال عاشق رسولؐ تھے اور آپﷺ کی حیات مبارکہ کو مشعل راہ سمجھتے تھے۔ حکیم الامت ہمیشہ نوجوانوں کی تربیت اور پرورش اسلامی خطوط پر کرنے کو ترجیح دیتے رہے۔
کشمیر کونسل سویڈن کے صدر سردار تیمور عزیز کا کہنا تھا کہ اقبال کا کلام کشش ثقل کی سی حیثیت رکھتا ہے’’اقبال کی سحر خیزی،جذبہ خیر خواہی،دل سوزی اور امت مسلمہ کیلئے گریہ زاری‘‘ جس طرح ان کے کلام سے چھلکتی ہے کوئی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکتا۔سید حیدر شاہ بخاری نے کہا کہ علامہ اقبال کا نام ایک روشن مینار کی حیثییت رکھتا ہے ،آپ نے پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کی، آپ کی شاعری آفاقی شاعری ہے، وہ ایک ایسے نظامِ تعلیم کے متمنی تھے جو نسلِ نو کو آزادی کا عَلم بردار بنا سکے۔ وہ جذبہ آزادی کے احیا کے لئے ایسے نظامِ تعلیم کو ضروری سمجھتے تھےجو نوجوان نسل میں جذبہ خودی کو اجاگر کر سکے۔
غلام حسن کا کہنا تھا کہ آج فکر اقبال کی ترویج ازحد ضروری ہے، سال میں صرف ایک بار نہیں بلکہ چھوٹی نشستوں کے ذریعہ سارا سال اقبال کی شاعری کی تفہیم اور تذکیر کا کام کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اقبال کے اشعار کی روشنی میں بتایا کہ کلام اقبال سے برادران وطن کو حب الوطنی،اتحاد اور قومی یکجہتی کی نصیحت ملتی ہے۔
غلام محمد بھلی کا کہنا تھا کہ ہم تواتر سے صرف اقبال ہی کا یوم اس لئے مناتے ہیں کہ اقبال ہی وہ شاعر تھے جس نے ہماری پوری قوم کے اجتماعی شعور کو متاثر کیا ہے۔
شکیل چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب روح اقبال کو مخاطب کرکے آج یہ عہدکریں کہ تن آسانی و گراں خوابی کی کیفیت سے نکل کر عالم تگ و دو میں وہ کام انجام دیں گے جس کے لئے اقبال نے پوری عمر گریہ نیم شبی اور آہ سحر خیزی کی تھی۔
بلال مصطفیٰ، ملک شہزاد، مسعود منہاس اور دیگر نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیارِغیر میں یومِ اقبال منانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں تک پیغام پہنچانا ہے کہ کس طرح شاعرِمشرق نے ہماری قوم کی رہنمائی فرمائی۔ تقریب میں ن لیگ سویڈن کے کارکنا ن و عہدیدارا ن سمیت پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کی جانب سے زبیر حسین نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور مہمانان کے اعزاز میں مقامی ریسٹورنٹ میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا۔