مسلم لیگ ن دبئی نے امارات میں پارٹی کاز کو فروغ دینے میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے
سوشل میڈیا پر پارٹی اور قائدین کے بیانیے کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں
پی ایم ایل این دبئی یونٹ کو مزید فعال بنانے اور نئے ممبران کی شمولیت کیلئے کام جاری ہے،قائدین مسلم لیگ ن، دبئی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن دبئی کے زیر اہتمام ہونے والے ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن دبئی امارات میں پارٹی کاز کو فروغ دینے کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کر لائے گی۔
پی ایم ایل این دبئی یونٹ کو مزید فعال بنانے اور نئے ممبران کی شمولیت کے لئے نئے لوگوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے، دبئی یونٹ میں شمولیت کےلئے ممبرشپ بھی کھول دی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار پی ایم ایل این دبئی کے عہدیداروں نے ایک اجلاس میں کیا جس کا اہتمام مسلم لیگ ن دبئی کے صدر چودھری عامر سہیل گھمن اور سینئر نائب صدر میاں غلام محی الدین نے کیا تھا،اجلاس میں پچیس سے زائد پارٹی ورکرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ایم ایل این دبئی کے جنرل سیکرٹری راجہ عابد حسین، اظہر اقبال بھٹی، چوہدری عبدا لرزاق گجر، ملک بشیر اعوان، نائب صدر چوہدری ساجد ، حاجی فاضل مغل، اظہر محمود، ملک بلال نعیم، حسن بٹ، وقاص گھمن، نظیر تنولی، سرفراز خان، سلطانی شاہ، راجہ وسیم ممبر، جہانزیب بوبی، محمد اویس اور اویس کھوکھر نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر پارٹی اور قائدین کے بیانیے کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، ن لیگ کے منشور کو گھر گھر پہنچایا جائے تا کہ ن لیگ کے ووٹ بینک میں اضافہ ہو اور ن لیگ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیتے، الیکشن سے قبل پاکستان جا کر انتخابی مہم کا حصہ بننے کے لئے راجہ ظہیر احمد سملالوی پہلے سے ہی وہاں موجود ہیں جبکہ راجہ محسن سلیم، حاجی ظہیر، ملک بشیراعوان، اظہر، اور آفتاب احمد بھٹی بھی جلد ہی پاکستان روانہ ہو جائیں گے اور اپنے اپنے حلقہ میں ن لیگ کے ووٹ بینک میں اضافہ کے لئے کام کریں گے۔
اس موقع پر دبئی کی معروف کاروباری شخصیت آفتاب احمد بھٹی نے مسلم لیگ ن دبئی یونٹ میں شمولیت اختیار کی جس پر انہیں خوش آمدید کہا گیا، عامر سہیل گھمن اور میاں غلام محی الدین نے کہا کہ مسلم لیگ ن دبئی، متحدہ عرب امارات میں مسلم لیگ ن کی پہچان ہے اور اس نے امارات میں پارٹی کاز کو فروغ دینے میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
تعارفی نشست میں تمام عہدیداران و ممبران نے اپنا اپنا تعارف پیش کیا۔ مسلم لیگ ن کے لئے اپنی خدمات اور پاکستان میں ہونے والے الیکشن میں پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا۔ دبئی یونٹ کو مزید فعال اور نئے ممبران کی شمولیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی اور سب نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔
شرکائے اجلاس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس کو مجروح کئے بغیر، مقامی قوانین کا احترام کرتے ھوئے اخلاق، تحمل اور برداشت کو اپنا شعار بنایا جائے گا- تقریب کے آخر میں مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ عبدالوحید پال کے سانحہ ارتحال پر ان کے لئے دعائے بخشش و مغفرت کی گئی۔