سعودی عرب میں پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے پاک سعودی دوستی کے لازوال رشتے کے حوالہ سے تقریب

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے پاک سعودی دوستی کے لازوال رشتے کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس میں سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سمیت دیگر سفارتی افسران کے علاوہ کیمونٹی کی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی ۔

سفارت خانہ پاکستان کے چانسری ہال میں منعقد ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے مقامی گلوکاروں نے عربی اور پاکستانی ملی نغمے گا کر سماں باندھ دیا میوزک بینڈ کی پرفارمنس سے بھی لوگ خوب محظوظ ہوئے اسکے ساتھ ساتھ ڈھول کی تھاپ پر بھی منچلے نوجوانوں نے خوب رقص کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی مثالی ہے جو مضبوط بنیادوں پر قائم ہے دونوں برادر اسلامی ممالک مفادات سے بالاتر ہوکر ایک دوسرے کا ساتھ نبھا رہے ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں پاکستانیوں کے لئے سعودی عرب کی سرزمین حرمین شریفین کی بدولت نہایت اہمیت کی حامل ہے جبکہ سعودی قیادت بھی پاکستان اور اسکی عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستانیوں کے کردار کو سراہتی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی بنیادوں پر رشتے استوار ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں پاکستان کلچرل گروپ کے چیرمین ڈاکٹر ریاض خواجہ جنرل سیکرٹری ظفراللہ ملک اور فنانس سیکرٹری مشتاق ورک کا کہنا تھا کہ پاکستان کلچرل گروپ گزشتہ پینتیس سال سے سعودی عرب میں پاکستانی کلچر کے حوالے سے کام ک رہا ہے اسکے علاوہ سماجی کاموں میں بھی بھرپور کردار ادا کیا جاتا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب میں مشکلات کا شکار افراد کی مدد کو یقینی بنایا جاتا ہے ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ ہم سعودی عرب اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مضبوط اور ان میں وسعت پیدا کرنے کے لئے آگے بڑھیں جس میں ہمیں کامیابی بھی ملی ہے تقریب میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے بعد پہلی دفعہ ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی ہے اور جس طرح پاکستان کلچرل گروپ نے کامیابی کے ساتھ تقریب کو یادگار بنایا ہمیں امید ہے کہ مستقبل قریب میں بھی ایسے شاندار ایونٹس منعقد ہوتے رہیں گے پاکستان کلچرل گروپ کے عہدیداروں کی جانب سے صحافیوں کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ بلیک سنیما پروڈکشن کے کام کو بھی سراہا گیا۔

Comments (0)
Add Comment