ملک محمد نواز نے اپنے اور قرب و جوارکے علاقوں میں بیشمار فلاحی کام کئے ہیں
انہوں نے 32 بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروا کر علاقہ میں ایک مثال پیدا کر دی
مساجد و راستوں کی تعمیر، فلٹر پلانٹس کی تنصیب، قبرستانوں کی چار دیواری، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، ماہ رمضان میں اجتماعی افطاریاں اور دیگر بہت سے فلاحی کام سر انجام دئیے
دبئی (طاہر منیر طاہر) دنیا میں لوگ اپنے اور اپنے عزیز و اقارب کے لئے تو سب کچھ کرتے ہیں لیکن بہت کم لوگ ایسے ہیں جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کا بھی سوچتے ہیں اوراپنے علاقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے ہیں، ایسے ہی چند خوش قسمت لوگوں میں ملک محمد نواز کا شمار ہوتا ہے جنہوں نے اپنے علاقہ میں بیشمار فلاحی کام کئے ہیں۔
خلق خدا کی سہولت اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچا نے کے لئے ملک محمد نوازکی خدمات کا دائرہ کا رخاصہ وسیع ہے، ملک محمد نواز کا تعلق مہمونجوعیہ سیالکوٹ سے ہے، بسلسلہ کاروبار وہ ایک لمبے عرصہ تک سعودی عرب میں رہے ہیں اور آجکل متحدہ عرب امارات میں موجود ہیں اور ہیوی ایکوئپمنٹ کا بزنس کر رہے ہیں۔
خدمت خلق کا جذبہ ان میں شروع سے ہی موجود ہے جس کے تحت انہوں نے اندرون اوربیرون ملک لوگوں کی کافی خدمت اور مدد کی ہے، اپنے آبائی علاقہ مہمونجوعیہ اور اس کے قرب و جوار میں واقع دیہات میں بہت سا رے فلاحی کام کئے ہیں، سوشل ورکر (خدائی خدمتگار) ملک محمد نواز نے اپنے علاقہ کے مختلف دیہات میں مساجد و راستوں کی تعمیر، فلٹر پلانٹس کی تنصیب، قبرستانوں کی چار دیواری، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، ماہ رمضان میں اجتماعی افطاریاں اور دیگر بہت سے فلاحی کام سر انجام دئیے ہیں۔
فلاحی کاموں میں مسجد اقصیٰ مہمونجوعیہ، دینی مدارس کے لئے زمین کی فراہمی، تھانہ کوٹلی لوہاراں کے لئے راستہ اور مسجد، بنیادی مرکز صحت کوٹلی لوہاراں میں مسجد کی تعمیر اور ادویات کی فراہمی، چک ہڑو(چکی) میں امام بارگاہ کے لئے چھ لاکھ کی امداد، بجلی کے پول، ٹرانسفارمر کی فراہمی، کوٹلی بھٹہ، مما را ملکہ اور مہمونجوعیہ میں سوئی گیس کی فراہمی، یتیم بچوں کے لئے مدرسہ، بچیوں کے لئے مدرسہ فاطمہ الزہرا کے لئے جگہ کی فراہمی اور دیگر متعدد فلاحی کام شامل ہیں۔
بہت سے فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ ملک محمد نوازنے 32 بچیوں کی اجتماعی شادیاں کروا کر علاقہ میں ایک مثال پیدا کر دی، جس پر علاقہ کے لوگ انہیں عزت و احترام کی نظروں سے دیکھتے ہیں، موضع دریا بدرکے دبئی میں مقیم بزنس مین وسیم الحسن اور ملک مجاہد علی نے متذکرہ فلاحی کام سر انجام دینے پر ملک محمد نواز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔