اسٹاک ہوم میں مہاجرین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے وژن دی لیڈر کانفرنس کا انعقاد

اسٹاک ہوم (زبیر حسین) نیشنل ایسوسی ایشن امیگریشن کی جانب سے اسٹاک ہوم کے علاقے فتیا میں مہاجرین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے وژن دی لیڈر کے نام سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں سویڈن کی کم و بیش 25 این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

نیشنل ایسوسی ایشن امیگریشن کے چیئرمین لیاقت علی خان نے نمائندہ سویڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ 1970 سے سویڈن میں کارفرما ہےاور ہم سویڈن میں تارکین وطن کی نمائندہ جماعتوں کے نمائندہ ادارے کے طور پر جانے جاتے ہیں، سویڈن بھر سے مختلف ادارے بطور ممبر نیشنل ایسوسی ایشن کے ہمارے ساتھ منسلک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد تارکین وطن کے لئے کام کرنے والے اداروں کے سربراہان کو تربیت مہیا کرنا تھا کہ کس طرح سویڈن میں فلاحی ادارے اپنے ممبران کی خدمت بہتر طریقے سے کرسکتے ہیں۔

کانفرنس میں پاکستانی کمیونٹی کے اداروں کے سربراہان سعید شیخ، حمزہ، شہریار، مہران ، زبیر حسین، عامر جبار ، محمدفرقان ودیگر نے شرکت کی جب کہ دنیا کے دیگر ممالک کی تنظیموں کےنمائندگان نے سویڈن کے دیگر شہروں سےکانفرنس میں شرکت کی،سویڈن کے شہریان شاپنگ سے محمد فرقان نے لیڈر شپ کے حوالے سے شرکاءسے خطاب کیا۔

تقریب میں شریک پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ جماعتوں کے سربراہان کا کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بطور پاکستانی ہمارے لئے یہ باعث فخر ہے کہ لیاقت علی خان بطور چیئرمین غیر ملکیوں کی تمام تر تنظیموں کی سربراہی کررہے ہیں ۔

کانفرنس میں شریک تمام تنظیموں کے نمائندگان نے مثبت خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کانفرنسز اور ورکشاپس کا انعقاد ہونا بے حد ضروری ہے تاکہ سویڈن میں موجود غیر ملکیوں کی فلاح و بہبود بہتر انداز میں کی جاسکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاءکے لئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا ۔

Comments (0)
Add Comment