سعودی عرب میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے پر خوشی کا اظہار

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دئیے جانے کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک اور وعدہ پورا ہوا اور عمران خان نے اوورسیز کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری یوتھ راجہ گل زیب کیانی نے کہا کہ سعودی عرب میں 27 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جو اب آئندہ الیکشن میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور ملکی سیاست میں اپنا کردار نبھائیں گے جس سے یقینی طور پر سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر بات ہوگی اور ملکی پارلیمنٹ میں مسائل کے حل اور پاکبانوں کو سہولیات دینے جیسے امور زیر بحث آئیں گے۔

سیکرٹری لیبر سردار طلعت محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ملکی ترقی ہے اور ملک کے الجھے ہوئے معاملات کو درست کرنا ہے جن میں انہیں کامیابی مل رہی ہے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے جہاں ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے ایسے ہی اب ہمارے مسائل بھی حل ہونا شروع ہوجائیں گے اور پاکستان کے معاملات میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار مزید موثر ہوجائے گا۔

دیگر کارکنان میں چوہدری وجاہت حسین، ملک آصف اعوان،سکندر خان، محمد اویس بٹ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وہ کر دکھایا جس کا گزشتہ حکومتوں نے محض وعدہ کیا تھا، نوے لاکھ سے زائد پاکستانی ملکی معیشت میں اپنا کردار ادا کرتے چلے آ رہے ہیں ملک کے اندر انکی آواز کو ہمیشہ دبایا جاتا رہا اور سہولتوں کا بھی فقدان رہا وزیراعظم عمران خان واحد ایسے لیڈر ہیں جنھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو عزت دی ہے ووٹ کاسٹ کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے جس کا حق ہمیں مل گیا ہے اور ہم وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment