بیجنگ (ویب ڈیسک) فرانسیسی صدر میکرون نے پیرس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔بدھ کے روز وانگ ای نے کہا کہ اس سال چین اور فرانس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، فریقین کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ماضی کے مفید تجربات اور کامیاب طریقوں کا خلاصہ کرنا چاہیے اور چین فرانس تعلقات کے آئندہ 60 سالوں کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔
وانگ ای نے کہا کہ چین اور فرانس کے درمیان عملی تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کو اہم فوائد حاصل ہوئے ہیں۔ چین اعلیٰ معیار کی ترقی پر عمل پیرا ہے، اعلیٰ سطح پر کھلے پن کو فروغ دے رہا ہے، اور فرانس سمیت دنیا بھر کے ممالک کے لیے اپنی مارکیٹ کھولنے کا عمل جاری رکھے گا۔
امید ہے کہ فرانس بھی چینی کمپنیوں کے لیے فرانس میں ایک منصفانہ کاروباری ماحول پیدا کرے گا۔میکرون نے کہا کہ وہ اس سال اعلیٰ سطحی تبادلوں کی تیاری کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، اور امید ظاہر کی کہ دونوں فریق فرانس اور چین کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کو صدر شی جن پھنگ اور اُن کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک موقع کے طور پر لیں گے۔صدر میکرون نے کہا کہ فرانس ہمیشہ ون چائنا پالیسی پر کاربند رہا ہے اور اس کا یہ موقف واضح ہے۔