پاکستان کلچرل سوسائٹی ویخو کی دعوت پر سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کا سویڈن کے شہر ویخو کا دورہ

ویخو (زبیر حسین) سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی ہر چھوٹے بڑے شہر میں مقیم ہے، تعلیمی میدان ہو یاپھر ٹیکنالوجی کی دنیا ہر میدان میں پاکستانی نژاد ماہرین اور پروفیسرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں،جب پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرنے کی بات کی جائے تو مالمو شہر سے لے کر کیرونا تک ہر شہر میں پاکستانی کمیونٹی نے اپنا واضح کردار ادا کیا ہے۔

سویڈن کے شہر ویخو میں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد دوسرے بڑے شہروں کے مقابلے میں کم ہونے کے باوجود یہاں قائم پاکستان کلچرل سوسائٹی نے ہمیشہ سے ہی پاکستان کا پرچم سربلند رکھا ہے۔پاکستان کلچرل سوسائٹی ویخو کی جانب سے قومی ، مذہبی اور ثقافتی تقریبات کا بھرپور اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس بار ادارے کی جانب سے سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد کو مدعو کیا گیا تھا، جہاں سفیرِ پاکستان نے نا صرف کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقات کی بلکہ شہر کی معروف یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا جہاں پر زیرِتعلیم پاکستانی طلبہ اور اساتذہ سے خصوصی ملاقات بھی کی،شہر میں قائم ویخو کرکٹ کلب کے دورے کے موقعے پر سفیرِ پاکستان نےایجوسرفر ز کی اسپانسر کردہ کرکٹ کٹ کلب کے عہدیداران میں تقسیم کی۔

اس حوالے سفیرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ویخو شہر کا دورہ کرکے یہ محسوس ہوتا ہے کہ ہر پاکستانی ہمارے وطن کا سفیر ہے جو اپنی اپنی استطاعت کے مطابق دیارِغیر میں ملک کا نام روشن کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

ویخو کمیونٹی کے ترجمان جنید خان شیروانی نے پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کے نمائندگان سے اس دورے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویخو شہر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خاص بات یہ ہے کہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے پروفشنلز یہاں موجود ہیں جنہوں نے اپنی کاوشوں سے اس چھوٹے سے شہر میں منی پاکستان قائم کر رکھا ہے اور یہ ہمارے لئے باعث فخر و اعزاز ہے کہ سفیرِپاکستان نے ہمارے شہر کا خصوصی دورہ کیا۔

پاکستان کلچرل سوسائٹی ویخوڈاکٹر ظہور احمد
Comments (0)
Add Comment