اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) منہاج رابطہ کمیٹی ناروے کے مرکزی رہنما اور منہاج القرآن ناروے کے سرپرست اعلیٰ حاجی افضل انصاری کی جانب سے منہاج القرآن فرانس کے امیر تحریک علامہ حسن میر قادری کے اعزاز میں ایک پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ۔
عشائیے میں منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین نے شرکت کی، پروگرام کی صدارت رابطہ کمیٹی کے چیئر مین چوہدری مشتاق احمد برنالی نے کی ۔
حافظ صداقت علی قادری نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا اور پاکستان کے معروف نعت خواں عابد معصومی نے نعت شریف پیش کی۔ حاجی افضل انصاری نے علامہ حسن میر قادری اور تمام مہمانوں کا عشائیے میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
علامہ حسن میر قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن و حدیث میں رابطہ کی افادیت پر زور دیا گیا ہے،رابطہ کرنا اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی سنت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، وہ اس پر ظلم نہیں کرتا اور نہ ہی اسے بے یارو مددگار چھوڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی تنظیم اور تحریک میں رابطہ قائم رکھنا اسکی کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے۔ چوہدری مشتاق احمد برنالی نے میزبان محفل کا شکریہ ادا کیا اور انکی منہاج القرآن کے لیے کی گئی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں نے رابطہ کمیٹی کے دیگر ممبران کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
چوہدری ساجد حسین اور راشد علی اعوان کی ممبرسازی مہم میں زبردست کارکردگی اور ممبران سے رابطے کو فعال بنانے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
عشائیے میں جن اہم شخصیات نے شرکت کی ان میں میاں محمد اسلم، ظفر سیال، حاجی محمد ریاض، محمد ادریس، راشد علی اعوان، عرفان انصاری، چوہدری ساجد حسین، علامہ اقبال فانی، قاری اسرار قادری، اقبال اختر خان، عمران اسلم، اعجاز خوشی، زبیر قیوم، طاہر کریم، محمد ناز، چوہدری محمد فاروق، آصف جاوید اور دیگر شامل ہیں۔