ایمسٹرڈیم (تارکین وطن نیوز)یورپی ملک نیدرلینڈز میں حکومت کے جزوی لاک ڈاؤن کیخلاف عوام نے پرتشدد مظاہرے شروع کردئیے، احتجاج کے دوران پولیس افسر سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا کے مطابق دیگر یورپ ممالک کی طرح نیدرلینڈز میں بھی کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ روز نیدرلینڈز میں ایک روز میں 21 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس پر قابو پانے کےلیے جزوی لاک ڈاؤن نافذ کردیا تاہم عوام نے کرونا پابندیوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔
ساحلی شہر روٹرڈیم میں شہریوں نے کرونا پابندیوں کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوگیا۔مظاہرین نے حکومت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی اور متعدد گاڑیوں و املاک کو نذر آتش کیا۔
شہریوں کے تشدد کو روکنے اور املاک کے تحفظ کےلیے پولیس نے انتباہی فائرنگ کی تاہم کوئی فائدہ نہ ہوا تو پولیس نے شہریوں پر براہ راست فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، زخمی ہونے والے افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جو مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ اتوار کو نیدرلینڈز کی حکومت نے جزوی لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا تھا جس دوران کم از کم تین ہفتوں کے لیے ریستوران، دکانوں اور کھیلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔