پالے کیلے (سپورٹس ڈیسک) پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ میں جاری لیجنڈز کرکٹ ٹرافی میں لگاتار دو ہائی اسکورنگ میچ کھیلے گئے۔ دہلی ڈیولز نے کولمبو لائنز کو 42 رنز جبکہ راجستھان کنگز نے دبئی جائنٹس کو 14 رنز سے شکست دی۔
دن کے پہلے میچ میں دہلی ڈیولز نے کولمبو لائنز کو لگاتار چار شکستوں کے بعد 42 رنز کے فرق سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دہلی ڈیولز نے مقررہ 90 گیندوں میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
مورنے وان ویک نے 190.9 کے اسٹرائیکنگ ریٹ سے صرف 44 گیندوں پر 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔جواب میں کولمبو لائنز مقررہ 90 گیندوں پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز ہی بنا سکی اور دہلی ڈیولز کے دیئے گئے ہدف سے 42 رنز پیچھے رہی۔ ڈیولز کی جانب سے اقبال عبداللہ نے 4 اوورز میں 24 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پردیپ سانگوان نے بھی چند اہم وکٹیں حاصل کیں۔
دوسرے میچ میں راجستھان کنگز نے دبئی جائنٹس کو 14 رنز سے ہرایا ۔کپتان اتھپا نے شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 34 گیندوں پر 76 رنز بنائے اور راجستھان کنگز کا اسکورز مقررہ 90 گیندوں میں تین وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز تک پہنچایا۔
دبئی جائنٹس کو جیت کے لئے 209 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں دبئی جائنٹس نے شاندار آغاز کیا جس میں اوپنر شان مارش (9 گیندوں پر 23) اور امیت ورما (20 گیندوں پر 34) نے تیزی سے 39 رنز بنائے۔ تاہم ایشلے نرس نے چوتھے اوور میں ہی مارش کو آؤٹ کر دیا۔دنیش نے 11 گیندوں پر 30 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ بھی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے دبئی جائنٹس کی پوری ٹیم 194 رنز پر آوٹ ہوگئی۔