تقریب کے دوران پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے
بیجنگ (ویب ڈیسک) 84 ویں یوم پاکستان کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سفارت خانے کے حکام، اہل خانہ اور چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے اس موقع پر قومی پرچم لہرایا۔
ہفتہ کے روز تقریب کے دوران پاکستان کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ان کے غیر متزلزل عزم کا اعتراف کیا۔
سفیر خلیل ہاشمی نے اپنے خطاب میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نئے عزم کے ساتھ قومی دن منانے پر زور دیا۔ پاک چین دوستی کے پائیدار رابطے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اسٹریٹجک اعتماد، باہمی احترام اور یکجہتی کو دوطرفہ تعلقات کے بنیادی پہلوؤں کے طور پر اجاگر کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مستحکم کرنے میں چین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔