سویڈن کے شہر مالمو میں پاکستانی بچوں کے لئے تین روزہ نفلی اعتکافی کیمپ قائم کردیا گیا

مالمو (زبیرحسین) پاکستان سمیت دنیا بھر میں جہاں فرزندانِ اسلام معتکف ہوئے وہیں سویڈن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈن کے زیرِاہتمام ایک منفرد اعتکافی تربیتی کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں پر بچے تین روز کے لئے نفلی اعتکاف کریں گے،اس حوالے سے مالمو شہر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پر شہر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔

منہاج القرآن سویڈن کی انتظامیہ کا اس حوالےسے کہنا ہے کہ یہ سویڈن میں ہماری 13 سالہ کاوشوں کا نچوڑ ہے کہ آج ہم اس قابل ہوسکے ہیں جہاں بچوں کو اعتکاف جیسی سعادت کے حوالے سے تربیت دی جارہی ہے۔ مذکورہ تربیتی کیمپ میں ناصرف بچوں کو مادری زبان میں دینی تعلیمات دی جارہی ہیں بلکہ سویڈش زبان میں بھی تعلیمات کا خصوصی انتظام ہے،میڈیا سے بات کرتے ہوئے بچوں کا کہنا تھاکہ یہ ہماری خواہش تھی کہ ہم بھی اپنے والدین کی طرح اعتکاف میں شرکت کریں ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل مالمو کے صدر عامر صادق کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ سویڈن میں ایسٹر کے تہوار کے باعث بچوں کو اسکول کی تعطیلات ہیں جو کہ رمضان کی مناسبت سے ہمارے لئے سنہری موقع تھا کہ بچوں کے تعلیمی حرج کے بغیر انہیں اعتکاف کے حوالے سے تربیت دی جائے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل مالمو کے جنرل سیکرٹری شاہد خان کا کہنا تھا کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ہمیں ایسے اقدامات کرنے چا ہئیں جس سے ہماری آنے والی نسلیں اپنے مذہب سے روشناس ہوسکیں،ان کا مزید کہنا تھاکہ یورپ کی مصروف ترین زندگی میں والدین ذریعہ معاش کی تلاش میں مشغول رہتے ہیں جس کے باعث بچوں کو مکمل دینی تعلیمات دینا خاصا مشکل کام ہے چنانچہ ہم نے اس طرز کا پروگرام تشکیل دیا کہ بچوں کو تین دن ایسا ماحول دیا جائے جہاں ان کی مساجد اور دین سے رغبت بڑھتی جائے۔

امام محمد اویس کا کہنا تھا کہ بچوں کو اس تربیتی کیمپ میں ناصرف نماز اورروزوں کے حوالے سے تعلیم دی جارہی بلکہ قرآن کی تفسیر کے حوالے سے بھی خصوصی کلاسزدی جارہی ہیں، حافظ فرحان علی اور محمد ذیشان حسین کا کہنا تھا کہ تراویح کے وقت ان بچوں کا جذبہ قابلِ دید ہوتا ہے کہ دن بھر دیگر تربیتی معاملات کے باوجود ایک رکعت بھی ترک نہیں کرتے۔

اعتکاف کے تربیتی کیمپ کے آغاز پر امام اصغر اور شیخ اعجاز نے بچوں میں پھول تقسیم کئے، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی مستند آواز بننے پر پاکستان پریس کلب اسکینڈے نیویا کے سربراہ زبیرحسین کو پھولوں کا گلدستہ اور کھجوروں کا ہدیہ پیش کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاءکے لئے پرتکلف افطار ڈنر منہاج القرآن سویڈن کے سابق صدرمرحوم سید محمود شاہ الازہری کی فیملی کی جانب سے کیاگیا۔

Minhaj Al-Quran International Swedenminhajulquran sweden nafli aitkafi campمنہاج القرآن انٹرنیشنل سویڈننفلی اعتکافی کیمپ
Comments (0)
Add Comment