سعودی عرب میں حلقہء فکروفن کے زیراہتمام ادبی نشست کا انعقاد، عہدیداروں سمیت صحافیوں کی شرکت

ریاض (نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں ادبی تنظیم حلقہء فکروفن کے اہم رکن ظفر اقبال کی جانب سے ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم کے عہدیداروں سمیت صحافیوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

ادبی نشست میں حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادب جذبات کو زبان بخشتا ہے اور ادب بات کرنے کے سلیقے کے علاوہ اخلاقی اقدار کو بھی فروغ دیتا ہے حلقہء فکروفن سعودی عرب میں گزشتہ چار دہائیوں سے ادب کی خدمت کر رہا ہے اور ادبی محافل، مشاعرے منعقد کروا رہا ہے جس سے شعراء کرام اور ادیبوں نے جنم لیا اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم میسر آیا جس پر چل کر وہ آگے بڑھے اور ادب کے فروغ کے ساتھ ساتھ اپنا نام بھی پیدا کیا، آج بھی ہماری یہی کوشش ہے کہ ہم ادبی محافل کا سلسلہ جاری رکھیں۔

حلقہء فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایسے ایسے نامور شعرا کرام اور ادیبوں نے جنم لیا ہے جنھوں نے ادب میں ایسی بے شمار خدمات کو انجام دیا ہے جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے آج بھی ادب کی دنیا میں بڑے اہم نام اور دیگر افراد اپنی خدمات کو سرانجام دے رہے ہیں مگر ادب کے بہتر فروغ کے لئے ضروری ہے کہ حکومتی سرپرستی حاصل ہو شعراء کرام کے کام کو سراہا جائے اور ان کے تخلیق کردہ ادب کے فروغ کے لئے ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس سے ادب سے لگاؤ رکھنے والے بھی بہتر انداز میں مستفید ہوسکیں۔

ادبی نشست کے میزبان ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ یہ بڑی ہی خوش قسمتی ہے کہ سعودی عرب میں حلقہ فکروفن جیسی ادبی تنظیم موجود ہے جو ادب تخلیق کرنے والوں اور ادب شناسی رکھنے والوں کے لئے کام کر رہی ہے حلقہ فکروفن کے ساتھ جڑ کر ایک اچھا احساس ہو رہا ہے اور خوشی ہو رہی ہے کہ یہاں بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

ادبی نشست میں شعر و شاعری کی محفل بھی خوب جمی جس میں ڈاکٹر ریاض چوہدری ،ڈاکٹر محمود باجوہ، وقار نسیم وامق، مخدوم امین تاجر، ذکاءاللہ محسن، قلب عباس اور میزبان ظفر اقبال نے غزلیں اور اشعار پیش کئے اور خوب داد سمیٹی۔

Comments (0)
Add Comment