ریاض میں یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار تقریب، جنرل (ر) راحیل شریف کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

ریاض (وقار نسیم وامق) چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان سعودی عرب کے زیراہتمام کلچرل پیلس ریاض میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر انچیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ سعودی مسلح افواج کے افسران سمیت غیر ملکی سفارت کاروں اور ملٹری افسران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی،پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

سفیرِ پاکستان احمد فاروق اور ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم نے دیگر افسران کے ہمراہ مہمانوں کا خیر مقدم کیا اس موقعہ پر پورا ہال پاکستانی قومی نغموں سے گونجتا رہا۔ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد عاصم نے اپنے خطاب میں پاکستانی آرمی کی پیشہ ورانہ مہارت کا ذکر کیا اور بتایا کہ پاکستان آرمی اقوام متحدہ کی امن فوج میں کس طرح کام کر رہی ہے اور دفاع وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہے بلکہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث پوری دنیا میں پاک آرمی اپنی پہچان رکھتی ہے اور بری،بحری اور فضائیہ ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنے میں شب و روز مصروف عمل ہے۔

سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے اپنے خطاب میں جنگ ستمبر 1965 کے پاک فوج کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری فوج قوم کا فخر ہے جس نے ہمیشہ اپنی جانوں کی قربانی سے دریغ کئے بغیر ملکی دفاع کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور پاکستان کی عزت، وقار اور استحکام کے لیے کام کیا ہے اور پوری قوم پاک آرمی پر فخر کرتی ہے۔

سفیرِ پاکستان نے پاک سعودی دوستی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ پاک سعودی تعلقات سفارتی سطح کے علاوہ تجارتی اور مختلف شعبوں میں فروغ پا رہے ہیں اور اسی طرح دونوں ممالک کے عسکری تعلقات بھی مستحکم اور مضبوط ہیں دونوں ممالک کی افواج باہمی فوجی مشقوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے فروغ دیتے آ رہے ہیں۔

یومِ دفاعِ پاکستان کی تقریب میں اسلامی عسکری اتحاد کے کمانڈر انچیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے غیر ملکی مہمانوں سے ملاقات کی اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے بھی ملے۔

بطور مہمانِ خصوصی شرکتجنرل (ر) راحیل شریفریاض میں یومِ دفاعِ پاکستان کی پروقار تقریب
Comments (0)
Add Comment