کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے گرین ہینڈز انوائرمنٹ ٹیم کویت کے ساتھ مل کر ساحل سمندر کی صفائی مہم کا انعقاد کیا۔ اس مقصد کے لیے بھرپور میڈیا و سوشل میڈیا مہم چلائی گئی اور عوام الناس اور کمیونٹی ممبران کو اس مہم میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی جس پر عوام اور کمیونٹی کی معتبر شخصیات کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا گیا۔
صبح 6 بجے بعد نماز فجر عوام الناس کی بڑی تعداد ساحل سمندر پر کویت ٹاورز کے پاس جمع ہو چکی تھی۔ اس نیک کام کی ابتدا تلاوت کلام پاک سے کی گئی، تلاوت قرآن پاک کی سعادت نوجوان قاری حمد ندیم کے حصے میں آئی۔ بعداز تلاوت صدر یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت ملک عبدالغفار نے یوتھ ونگ کی مختلف سرگرمیوں اور ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس کے بعد یوتھ ونگ کے ممبر انجینئر زاہد خادم نے صفائی اور ماحول کی اہمیت پر حاضرین کو مفصل معلومات فراہم کیں۔ گرین ہینڈز انوائرمنٹ ٹیم کویت کے کوآرڈینیٹر محمد عرفان شفیق نے عوام اور یوتھ ونگ کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گرین ہینڈز انوائرمنٹ ٹیم کویت سے مادام ربا الامیر اور مادام بدریہ الطبیخ نے پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس نیک کام میں گرین ہینڈز انوائرمنٹ ٹیم کے دست و بازو بنے۔ انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ کویت کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس کے بعد حاضرین کو صفائی کے لیے ضروری سامان فراہم کیا گیا اور تمام لوگوں نے ساحل سمندر کے مخصوص حصے کی صفائی کا آغاز کیا۔اختتامی کلمات میں صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت حافظ حفیظ الرحمن نے اسلام میں صفائی کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر مفصل خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ کویت ہمارا دوسرا وطن اور گھر ہے اور اپنے گھر کو صاف ستھرا رکھنا نہ صرف اسلام کا حکم بلکہ ہم سب کا اجتماعی فریضہ بھی ہے۔ دعائیہ کلمات رانا اعجاز حسین نے ادا کیے۔ انہوں نے بھی صفائی کی اہمیت کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام کیا گیا، جبکہ صفائی مہم کے اختتام پر تمام حاضرین و عوام الناس کے لیے یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی جانب سے بہترین ناشتے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔