یوم یک جہتی کشمیر تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی
پاکستان کشمیر کے منصفانہ کاز کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی طور پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، قونصل جنرل حسین محمد
آج کی ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا چاہئے
دبئی (طاہر منیر طاہر) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ یہ دن بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے لوگوں کی مسلسل جدوجہد کی نشاندہی کرتا ہے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر حل طلب مسئلہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
قونصل جنرل نے کہا، "IIOJK کے لوگ سات دہائیوں سے مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔”قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے منصفانہ کاز کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی طور پر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور تمام لوگوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تمام پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا چاہیے تاکہ دنیا کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد سے آگاہ ہو۔تقریب کے دوران صدر اور وزیراعظم پاکستان کے کشمیری یوم سیاہ پر پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جس میں کشمیریوں کی حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ IIOJK کے لوگوں کو درپیش جاری جدوجہد اور مشکلات کو اجاگر کرنے والی ایک خصوصی دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں راجہ امجد کبیر ، صدر چنار ونگ ، ڈاکٹر شفقت محمود ، ایاز کیانی ، راجہ شجاعت ، فا روق بانیاں ، عمران علی جان ، سردار شبیر خان ، عتیق منہاس ، آصف راٹھور ، راجہ شہزاد ، ارشد ملک ، سجاد مشتاق اور آصف نور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے حق خودارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔