سفارتخانہ پاکستان کویت میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا

کویت (رپورٹ:محمد عرفان شفیق) دنیا بھر کی طرح کویت میں بھی 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منایا گیا، اس سلسلہ میں سفارت خانہ پاکستان کے آڈیٹوریم میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نظامت کے فرائض سفارت خانہ میں پاسپورٹ سیکشن کے انچارج عثمان نواز نے احسن طریقہ سے انجام دئیے، کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت حافظ عامر سلمان نے حاصل کی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالہ سے ایک دستاویزی فلم پروجیکٹر سکرین پر پیش کی گئی۔

سفارت خانہ پاکستان کے نئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے، جس کے بعد کمیونٹی کی معروف شخصیات نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موضوع پر خطابات کئے، انصاف ویلفیئر سوسائٹی کویت کے صدر پیر امجد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری 77 سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ نہتے کشمیریوں پر انڈین فورسز کے مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

کویت پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر رانا اعجاز حسین سہیل ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم و جبر کی بنا پر کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، 5، اگست 2019کے بعد کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10لاکھ انڈین فوجی نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ گرا رہے ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کاز کو پھیلانے کیلئے دنیا بھر میں وفود بھیجے جائیں۔

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر حافظ حفیظ الرحمٰن نے دہلی جیل سے کشمیری رہنماؤں کے پیغام سے شرکاء کو آگاہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہم دنیا میں کسی بھی جگہ کشمیریوں کو کمزور نہیں پڑنے دیں گے، مسلم سنٹر ن بزنس ونگ کے چیئرمین شمشاد احمد خان تنولی نے کہا کہ پاکستانی قوم کبھی بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور کشمیریوں کی سفارتی اور ہر محاذ پر حمایت جاری رکھیں گے، ایسوسی ایشن آف پاکستانی ڈاکٹرز اِن کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سابق انڈین وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے دنیا کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیں گے۔

انہوں نے بھرے جلسہ میں اعلان کیا تھا کہ اگر کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کریں گے تو وہ ان کے فیصلے کا احترام کریں گے لیکن آج تک یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا، ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور ان کو حق خود ارادیت ملنے تک ان کا ساتھ دیں گے، آخر میں سفارت خانہ پاکستان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فیصل مجید نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جو کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے تشریف لائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب انڈین فورسز کشمیر میں داخل ہوئی تھیں اور عوام کی خواہشات کے برعکس کشمیر پر قبضہ کر لیا تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ آخر میں حافظ حفیظ الرحمن نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی کامیابی اور کویت و پاکستان کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کرائی۔

سفارتخانہ پاکستان کویتیوم سیاہ
Comments (0)
Add Comment