ہانگ کانگ سکسز میں پاک بھارت مقابلہ یکم نومبر کو ہوگا

ہانگ کانگ (سپورٹس ڈیسک) کھیل کی انتہائی تیز ترین فارمیٹ ہانگ کانگ کرکٹ سکسز سب کو تفریح فراہم کرنے کے لئے واپس آچکا ہے یکم نومبر سے 3 نومبر تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں ٹین کوانگ روڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کچھ سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئیں گے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

شائقین کے لیے ایک دلچسپ اور بہت ہی مختلف تجربہ ہوگا کیونکہ کرکٹ کارنیوال کو کچھ دل دہلا دینے والی پرفارمنس، عمدہ موسیقی اور حیرت انگیز کھانوں سے سجایا جائے گا۔12 ٹیموں کو تین تین کے چار گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے اور وہ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں مقابلہ کریں گی۔

پاکستان گروپ سی میں ہے جس میں دیگر دو ٹیمیں بھارت اور یواے ای ہیں۔میزبان ہانگ کانگ کا مقابلہ پول اے میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ پول بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیپال شامل ہیں۔ پول ڈی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ جنوبی افریقہ اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پہلے روز بھارت اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ بھی ہوگا۔

ہر گروپ سے 2 صف اول ٹیمیں کوارٹر فائنل کھیلیں گی اور کوارٹر فائنل راؤنڈ کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی۔ جو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں ہاریں گی وہ پلیٹ سیمی فائنل کھیلیں گی۔ ہر پول میں سب سے نیچے رہنے والی ٹیم باؤل مقابلہ کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کے تین دنوں میں مجموعی طور پر 29 میچز کھیلے جائیں گے۔عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ٹورنامنٹ کے آخری دن خواتین کا نمائشی میچ بھی ہوگا۔

ہانگ کانگ سکسز
Comments (0)
Add Comment