لندن(تارکین وطن نیوز)مقبوضہ کشمیر میں خرم پرویز کی گرفتاری اور جعلی مقابلے کے معاملے پر برطانوی رکن پارلیمان ڈیبی ابراہم اور 19 برطانوی اراکین پارلیمان نے برطانیہ میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر سے جواب طلب کرلیا۔
ڈیبی ابراہم کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق رہنما خرم پرویز معاملے پر خط کے جواب کے اب تک منتظر ہیں۔
The arrest of #humanrights activist Khurram Parvez in Indian-administered #Kashmir is of grave concern as are the accounts of escalating #fakeencounters#Kashmir #HumanRightsforAll pic.twitter.com/9ckui4dB1e
— Debbie Abrahams MP (@Debbie_abrahams) December 22, 2021
آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ آف کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراہم اور 19 اراکین پارلیمنٹ کے بھارتی ہائی کمشنر کو لکھے گئے خط میں خرم پرویز کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ خرم پرویز کے بارے میں یو این نمائندے، یو این ہائی کمشنر ہیومن رائٹس بھی تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔اس میں کہا گیا کہ خرم پرویز کے علاوہ گزشتہ دو برسوں میں ڈھائی ہزار کشمیریوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ انسداد غیر قانونی سرگرمیوں قانون کے تحت گرفتار افراد کو بغیر فرد جرم قید میں رکھا جاتا ہے، جعلی مقابلوں میں دہشت گردوں کے بجائے عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر تشویش ہے۔
خط میں کئی پُر تشدد واقعات کا ذکر کیا گیا ہے اور حیدر پورہ میں عام افراد کی ہلاکت کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔