شہباز شریف سے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

لاہور(تارکین وطن نیوز)برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے وفد نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے ارکان برطانوی پارلیمنٹ کی قیادت ڈپٹی اپوزیشن لیڈر اینجلا رینر کررہی تھیں،وفد میں لارڈ واجد، ایڈوائزر ٹو لارڈ جعفر اقبال، واجد خان اور ساجد شیخ شامل تھے۔

اس موقع پر سردار ایاز صادق اور ملک احمد خان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں میاں شہبا ز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دور میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبہ جات میں ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات بھی زیر بحث آئے اورپنجاب کی ترقی میں ڈیفیڈ کے کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور افغانستان میں جنم لینے والے انسانی المیئے پر قابو پانے کیلئے بین الاقوامی سطع پر اقدامات اٹھانے کیلئے کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کو ملکر افغانستان اور خطے میں امن کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔

اگر افغانستان کا المیہ بڑھ گیا تو اس سے پورے خطے اور عالمی سطح پر سلامتی کیلئے خطرات پیدا ہوسکتی ہیں۔شہباز شریف نے لیبر پارٹی اور اس کی قیادت کے لئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور مہمان وفد کو سوینیر بھی پیش کئے گئے۔

Comments (0)
Add Comment