او پی ایف کے چیئرمین سید قمر رضا نے پیرس اجتماع میں کئے گئے وعدے کو پورا کردیا، سردار ظہور اقبال
پیرس ( سلطان محمود سے ) پاکستان اوورسیز فاؤنڈیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے پاکستانی ائرپورٹس پر مسائل کی نشاندہی پر پاکستانی ایئرپورٹس پر انیس سہولت کاری افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کرلیا۔ ان افسران کی پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر تعیناتی سے اوورسیز پاکستانیوں کو بلاوجہ تنگ کرنے و دیگر مسائل کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوگی۔
چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی جانب سے پاکستان کے مختلف ائیر پورٹس پر (Facilitation Officers ) سہولت کاری افسران تعینات کرنے کا فیصلہ خوش آئند قرار دیا۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے پیرس میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع میں یہ وعدہ کیا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد میں او پی ایف اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور ان مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔
ممتاز بزنس مین سرپرست اعلیٰ پی بی ایف ابراہیم ڈار نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کا اہم حصہ ہیں اور پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی شکایات کا ازالہ ضروری ہے۔
صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی جب وطن عزیز پاکستان جاتے ہیں تو ا یئرپورٹس پر ان سے نہایت غلط سلوک کیا جاتا ہے ، امید ہے کہ اب ان شکایات کا خاتمہ ہوگا ، تارکین وطن پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے او پی ایف کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔