چین میں زلزلہ کے باعث 95افراد ہلاک، 130زخمی، بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم

چینی صدر کی لوگوں کی تلاش کے لئے تمام سہو لیات فراہم کر نے کی ہدایت

متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے 100 ملین یوآن کی رقم مختص

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے شی زانگ خوداختیار علاقے کے شہر شیگاتسے کی ڈنگری کاؤنٹی میں منگل کی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر6.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا اور بڑی تعداد میں عمارتیں منہدم ہو گئیں ۔ اب تک اس زلزلے میں 95 افراد کے ہلاک ہونے اور 130 کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو ئیں ۔ زلزلے کے بعد چین کے صدر شی جن پھنگ نے اہم ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی تلاش اور ان کی حفاظت سمیت زخمیوں کو علاج کی تمام سہولیات دی جائیں اور جانی نقصانات کو کم سے کم حد تک رکھنے کی کوشش کی جائے ۔

انہوں نے زلزلے کے بعد ثانوی آفات کو روکنے، متاثرہ لوگوں کو مناسب سہولیات مہیا کرنے ،ان کی جزوی آبادکاری اور متعلقہ انتظامات پر زور دیا ۔شی جن پھنگ نے یہ ہدایات بھی دیں کہ زلزلے کی نگرانی اور قبل از وقت وارننگ ، ہنگامی اور امدادی سامان کی فراہمی، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت پر گہری توجہ، عوام کے بنیادی ذریعہ معاش کے لئے بہتر انتظامات اور متاثرہ افراد کی سرد موسم سے حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔

سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ہدایات دیں ۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم چانگ گوچھنگ نے ریسکیو کام کے لیے زلزلہ زدہ علاقے کا رخ کیا۔ زلزلے سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر تین درجے کے ایمرجنسی رسپانس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اطلاع کے مطابق نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن نے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی طور پر بحالی کے لیے مرکزی بجٹ سے 100 ملین یوآن کی رقم فوری طور پر مختص کی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment