پیرس:پی آئی اے کی فلائٹس کے دوبارہ آغاز پر فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد

پیرس:پی آئی اے کی فلائٹس کے دوبارہ آغاز پر فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد

پیرس (رپورٹ: سلطان محمود) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی فلائٹس کے دوبارہ آغاز پر فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہم سیاسی، سماجی، اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں رائل پیلس ریسٹورنٹ میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔

اس تقریب کا اہتمام پی آئی اے پیرس آفس کی جانب سے کیا گیا، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔تقریب میں پی آئی اے کے جی ایم سیلز محمد شفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پی آئی اے نے کمیونٹی کی مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے پیرس سے فلائٹس کا آغاز کیا ہے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنی قومی ایئر لائن کو ترجیح دیں تاکہ مزید فلائٹس کا آغاز ممکن ہو سکے، جن میں اوسلو، بارسلونا، اور میلان جیسے شہروں سے پروازیں شامل ہیں۔پی آئی اے کے سی سی او نوشیروان عادل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا جوش و جذبہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی قومی ایئر لائن کی بحالی کے لیے دعاگو تھے، انہوں نے کمیونٹی پر زور دیا کہ پی آئی اے کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔

پاکستانی سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسری کاشف بلوچ نے کہا کہ پی آئی اے کی فلائٹس سے فرانس اور پاکستان کے درمیان سماجی، تجارتی، سیاحتی، اور سفارتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ پی آئی اے کے ذریعے لاوارث اور ضرورت مند پاکستانیوں کی میتیں پاکستان منتقل کرنے جیسے مسائل بھی حل ہوں گے۔

پی آئی اے کے کنٹری منیجر رضوان ملک نے کہا کہ پیرس پی آئی اے کے لیے ایک منافع بخش اسٹیشن ہے اور فلائٹس کا آغاز دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) فرانس کے پیٹرن ان چیف طلعت چوہان نے کہا کہ یہ کامیابی وزیراعظم شہباز شریف، قائد نواز شریف، اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سفر کامیابیوں کا آغاز ہے۔

تقریب میں مسلم لیگ (ن) فرانس کے عہدیداروں، پاکستانی کمیونٹی کی اہم کاروباری اور سماجی شخصیات، سابق جی ایم اور کنٹری منیجرز، ٹریول ایجنسی مالکان، میڈیا نمائندگان، اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران نے بھرپور شرکت کی، سب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کو کامیاب بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

پی آئی اے فلائٹستقریب کا انعقادفرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی
Comments (0)
Add Comment