ویانا (رپورٹ:محمد عامر صدیق) چیئرمین سینیٹ پاکستان کی آسٹریا کے وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ،سید یوسف رضا گیلانی نے آج آسٹریا کے وفاقی وزیر خزانہ مسٹر گنٹر مائر سے ملاقات کی جس میں باہمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی صلاحیت اور حکومت پاکستان کی جانب سے ہدف بنائے گئے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور سہولت فراہم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
دونوں فریقوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے اور دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو باہمی تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ کان کنی، سیاحت، ٹرانسپورٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی، صاف توانائی کی منتقلی اور فضلہ کے انتظام کو مزید تعاون کے لیے اہم شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے دوروں اور کاروباری وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے آسٹریا کا اپنا کامیاب دورہ مکمل کیا جس میں انہوں نے فیڈرل کونسل کے صدر، نیشنل کونسل کے صدر اور آسٹریا کے کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔