پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) یونیسکو میں پاکستان کی مستقل مندوب اور سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے یونیسکو ہیڈ کوارٹر پیرس میں یونیسکو کے لئے پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت سے اپنی سفارتی اسناد ڈائریکٹر جنرل یونیسکو آڈرے ازولے کو پیش کیں۔
بعد ازاں ممتاز زہرہ بلوچ نے ڈائریکٹر جنرل آڈرے ازولے اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی، بات چیت میں تعلیم، ثقافت اور سائنس کے شعبے میں یونیسکو کے ساتھ پاکستان کے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے یونیسکو کے پروگراموں اور پالیسیوں کو سراہا اور ایگزیکٹو بورڈ کی وائس چیئر مین کے طور پر یونیسکو کے مشن کو عالمی سطح پر آگے بڑھانے کے لئے تعاون کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آڈرےازولے نے یونیسکو میں ممتاز زہرہ بلوچ کا خیرمقدم کیا اور یونیسکو کے لئے پاکستان کے تعاون اور پائیدار وابستگی کو سراہا۔
فریقین نے تعلیم، سائنس اور ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا اور پاکستان کے یونیسکو کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اور بھی زیادہ کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو تسلیم کیا۔
واضح رہے کہ سفیر/مستقل مندوب ممتاز زہرہ بلوچ 30 سال کا وسیع تجربہ رکھنے والی ایک تجربہ کار سفارتکار ہیں، وہ واشنگٹن، بیجنگ اور اقوام متحدہ، جنیوا میں اہم سفارتی عہدوں پرخدمات سر انجام دے چکی ہیں، وہ جمہوریہ کوریا میں پاکستان کی سفیر اور وزارت خارجہ میں ترجمان کے طور پر کام کر چکی ہیں۔