پیرس (سلطان محمود سے) فرانس میں پاکستانی سفارتخانے نے منگل کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔تقریب میں فرانس میں مقیم پاکستانیوں و کشمیریوں، ماہرین تعلیم اور صحافیوں نے شرکت کی جنہوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی سات دہائیوں کی طویل جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری اور میڈیا پر زوردیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیرکی صورتحال کو اجاگر کریں اور بھارت کو اس کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائیں۔
فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے کشمیری عوام کی بھارتی قبضے اور جبر کے خلاف منصفانہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کے تشخص کو خراب کرنے کی بھارت کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اس تحریک کو پرامن، جائز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی قرار دیا۔
پاکستانی سفیر نے بھارت پر زور دیا کہ 5 اگست 2019 کو اور اس کے بعد کئے گئے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لے۔