بیجنگ (ویب ڈیسک) اینٹیگوا اور باربوڈا کے وزیر اعظم گاسٹین براؤنی نے چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا۔ ہفتہ کے روز براؤنی نے کہا کہ تقریباً 30 سال قبل اینٹیگوا اور باربوڈا اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے وہ چین کا دورہ کرنے والے چوتھے وزیراعظم ہیں ۔
یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے کہا کہ فریقین نے جس جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ معاہدے پر دستخط کیے ہیں وہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس میں مشترکہ دلچسپی کے امور اور مشترکہ ترقیاتی ترجیحات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی شراکت داری اور تعاون کے ذریعے ،چین میں ہم خیال اداروں اور تحقیقی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ، اینٹیگوا اور باربوڈا اپنی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بڑھانے کے قابل ہو گا ۔
براؤنی نے مزید کہا کہ ایک چھوٹے ملک کی حیثیت سے، انہوں نے ہمیشہ اینٹیگوا اور باربوڈا کے لئے چین کے احترام کو سراہا ہے، اور چین نے سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے ہمیشہ ایسا ہی برتاو کیا ہے.انہوں نے چین کے رویے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک بڑا ہو یا چھوٹا ، ممالک کے مابین باہمی احترام ہمیشہ اچھے تعلقات کی بنیاد ہے۔ گزشتہ سال ،اینٹیگوا اور باربوڈا کے وفد نے چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) میں شرکت کی تھی۔
براؤنی نے امید ظاہر کی کہ ان کے مزید شہری اور نوجوان کاروباری افراد چینی مارکیٹ میں داخلے کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی کے شعبے میں چین کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں چین کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے کے منتظر ہیں۔