شہزاد مرزا کی خصوصی دعوت پر لارڈ میئر مانچسٹر سٹی کونسلر پال اینڈریو کا اوپن کچن کا دورہ، خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کو اعزازی شیلڈ سے نوازا
مانچسٹر (محمد فیاض بشیرسے) مانچسٹر میں ضرورت مند افراد کو اشیائے خورد و نوش مفت فراہم کرنے کے لیے قائم اوپن کچن کے روح رواں شہزاد مرزا کی خصوصی دعوت پر لارڈ میئر مانچسٹر سٹی کونسلر پال اینڈریو نے اوپن کچن کا دورہ کیا اور رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے رضاکاروں کو اعزازی شیلڈ سے نوازا ۔

لارڈ میئر کونسلر پال اینڈریو نے کہا کہ وہ پہلی دفعہ اوپن کچن کی سرگرمیاں دیکھنے کے لیے آئے، اوپن کچن مقامی آبادی کے ضرورت مند افراد کے لیے شاندار کارنامہ انجام دے رہے ہیں، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔
سماجی و کمیونٹی شخصیت چوہدری راسب خان اکاؤنٹنٹ نے کہا کہ اوپن کچن پچھلے پانچ برسوں سے ضرورت مند افراد کو اشیائے خورد ونوش مفت فراہم کر رہے ہیں انکا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ان سے سبق سیکھ کر کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔
رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے عبد الرزاق نے کہا کہ ہم کرونا وائرس کی وبا سے لیکر آج تک ضرورت مند افراد کو کھانا کھلا رہے ہیں دکھی و ضرورت مند افراد کی خدمت میں ہمیں آگے بڑھنا چاہیے ۔ اس یادگار موقع پر موجود دیگر افراد نے بھی اوپن کچن اور وہاں پر رضاکارانہ خدمات انجام دینے والوں کی اس کاوش کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔
اوپن کچن کے روح رواں شہزاد مرزا نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ برطانیہ بھر سے نامور و سرکردہ شخصیات اوپن کچن کا دورہ کر چکی ہیں لارڈ میئر مانچسٹر پال اینڈریو اوپن کچن میں تشریف لائے اور اپنے ہاتھوں سے رضا کارانہ خدمات انجام دینے والوں کو اعزازی اسناد سے نوازا ہمارے رضا کار انتہائی محنت لگن و جانفشانی سے کام کرتے ہیں۔
انہی کی بدولت ہم یہ کام پچھلے پانچ برسوں سے انجام دے رہے ہیں اور جب تک صاحب ثروت افراد کا تعاون حاصل رہے گا ہم اس کام کو جاری رکھیں گے ۔اوپن کچن نے ضروت مند افراد کو بنیادی کھانے پینے کی سہولیات فراہم کر کے اسلامی تعلیمات ،مذہب رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ پیش کیا۔