کشمیر کونسل سویڈن اور پاکستان مسلم لیگ ن سویڈن کے زیرِانتظام یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب کی تیاریاں

اسٹاک ہوم (زبیر حسین) سویڈن کے دارلحکومت اسٹاک ہوم میں ہر سال کی طرح اس سال بھی یومِ یکجہتی کشمیر منایا جائے گا۔

مگر اس بار تقریب کچھ منفرد یوں ہوگی کہ یہ ایک بین الاقوامی ہائبریڈ طرز کی تقریب ہوگی جہاں کشمیر کونسل سویڈن اور پاکستان مسلم لیگ ن سویڈن کی انتظامیہ ن لیگ سویڈن کے مرکزی دفتر سے بذریعہ زوم دنیا بھر میں موجود کشمیری رہنماؤں کے ساتھ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مخاطب ہونگے جبکہ پاکستان کے نامور صحافی مجیب الرحمان شامی اور سفیرِ پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد بذریعہ ویڈیو لنک شرکاء سے خطاب کریں گے۔

کشمیر کونسل سویڈن کے چیف کوآرڈینیٹر و پاکستان مسلم لیگ ن سویڈن کے صدر سعید شیخ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ سال سویڈن کی پاکستانی و کشمیر کمیونٹی کے لئے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کافی اہم ہے، چونکہ اس سال سویڈن میں عام انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

لہٰذا اس موقع کو خاطر میں لا کر پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سویڈن کی سیاسی جماعتوں کے سامنے اپنا مؤقف رکھنا ہوگا تاکہ آنے والی حکومت فلسطین کی طرح کشمیر کے حوالے سے بھی یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے معاملے پر آواز اٹھائے۔

مذکورہ تقریب چار فروری بروز جمعہ سویڈن کے وقت کے مطابق دوپہر تین بجے جبکہ پاکستان کے وقت کے مطابق شام سات بجے منعقد ہوگی۔

Comments (0)
Add Comment