پاکستانی نژاد برطانوی خاتون آزاد کشمیر سے اغواء،خون آلود گاڑی ویرانے سے مل گئی

میرپور(تارکین وطن نیوز)پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو آزاد کشمیر کے شہر میر پور سے مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا، ویران جگہ سے ان کی گاڑی ملی ہے، جس میں خون بھی پایا گیا ہے۔

58 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون زاہدہ پروین بھانجے کے ہمراہ اپنی رقم واپس لینے آزاد کشمیر کے علاقے ڈھڈیال گئی تھیں، دونوں 15 فروری سے لاپتہ ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون کی گاڑی میرپور کی حدود میں تھانہ اسلام گڑھ میں ویران جگہ سے ملی ہے، گاڑی میں خون بھی موجود ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی نے کاروبار کے لیے 3 افراد کو 24 کروڑ روپے دیے تھے۔خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ کے مطابق ان کی اہلیہ نے عنصر بلا، عرفان اور رزاق نامی افراد کو کاروبار کے لیے یہ رقم دی تھی۔

غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے خاتون اور ان کے بھانجے کے اغواء میں ان تینوں ملزمان کو نامزد کیا ہے مگر اثر و رسوخ کے باعث ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ درج کر لی ہے، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment