جاوید ملک اس عہدے پر تعینات ہونے والے پہلے پاکستانی اور مسلم سفیر ہیں
دبئی(طاہر منیر طاہر)سابق پاکستانی سفیر جاوید ملک کو سفارتکاروں کی بین الا قوامی کونسل یو کے ایمبیسیڈر پارٹنرشپ (UK Ambassador Partnership) نے مشرق وسطیٰ اور ایشیا کے لئے اپنا سربراہ تعینات کر دیا ہے،جاوید ملک پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے سفیر ہونے کے ساتھ ساتھ پہلے ایشیائی ہیں جن کو اس اہم سفارتی عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
جاوید ملک انٹرنیشنل ڈپلومیٹ بزنس کلب دبئی کے چیئرمین بھی ہیں، وہ بحرین میں پاکستان کے سفیر رہنے کے علاوہ پاکستان کے خصوصی سفیر برا ئے تجارت اور اورسیز پاکستانی بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں، لندن میں قا ئم یو کے ایمبیسیڈر پارٹنرشپ ایک معتبر اور با اثر بین الا قوامی ادارہ ہے جس میں برطانیہ کے علاوہ یورپ، امریکہ، آسٹریلیا ، چین،روس اور دیگر اہم ممالک کے ایسے ممتاز اور با اثر سفیر شامل ہیں جو 100 سے زیادہ ممالک کے علاوہ اقوام متحدہ اور یورپین یونین میں اعلیٰ سفارتی فرائض انجام دے چکے ہیں اور انھیں عالمی سطح پر اہم فیصلہ سازوں تک رسائی حاصل ہے۔
اس موقع پرگفتگو کرتے ہو ئے جاوید ملک کا کہنا تھا کہ دنیا میں اب جدید سفارت کاری کا اصل فوکس در اصل تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ پرمرکوز ہو چکا ہے ،لہٰذا پاکستان کو بھی چاہیے کہ روایتی سفارتکاری کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی سفارتکاری پر بھی خصوصی توجہ دے اور اس حوا لے سے جلد پاکستان میں پہلی انٹرنیشنل ٹریڈ ڈپلومسی کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی اور چیمبر آف کامرس کو متحرک کیا جائے گا۔
جاوید ملک نے مزید کہا کہ کانفرنس کا انعقاد یو کے ایمبیسیڈر پارٹنرشپ اور انٹرنیشنل ڈپلومیٹ بزنس کلب کے اشتراک سے کیا جا ئے گا اور اس میں مختلف ممالک سے ممتاز اقتصادی، سفارکاروں، تاجروں اور سرمایا کاروں کو مدو حکیا جا ئے گا، کانفرنس پاکستان میں تجارت کے فروغ اور سرمایا کاری میں اضافے کے کی کاوشوں میں ایک اہم کردار ادا کریگی اور اس حوالے سے وہ پاکستان چیمبر آف کامرس،سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد مزید تفصیلات اور جلد تاریخ کا ا علان کریں گے۔