سعودی عرب میں چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اینڈ ایگزبیشن فار ایجوکیشن کا آغاز

سینکڑوں کی تعداد میں تعلیمی اداروں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے

پاکستان سمیت دیگر ممالک کے وزراء تعلیم بھی کانفرنس میں شریک

ریاض(وقار نسیم وامق)سعودی عرب میں چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اینڈ ایگزبیشن فار ایجوکیشن کا آغاز ہوگیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں تعلیمی اداروں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے وزراء تعلیم بھی کانفرنس میں شریک ہیں ۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں شروع ہونے والی چار روزہ انٹرنیشنل کانفرنس اینڈ ایگزبیشن فار ایجوکیشن کا افتتاح سعودی وزیر تعلیم حامد بن محمد الشیخ نے کیا ،نمائش میں سعودی تعلیمی اداروں کے ایک سو دس سٹالز کے علاوہ 152 بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے سٹالز لگائے گئے ہیں جن کو دیکھنے کے لئے بڑی تعداد میں سعودی اور دیگر غیر ملکی شہری پہنچ رہے ہیں۔

بین الاقوامی نمائش میں سعودی وزیر تعلیم کے علاوہ خلیجی ممالک سمیت ملائیشیا کے وزراء تعلیم نے شرکت کی جبکہ پاکستان سے وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین شریک ہوئے۔

کانفرنس میں سعودی وزیر تعلیم کے علاوہ دیگر ممالک کے وزراء کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے ضروری ہے کہ دنیا بھر میں تعلیمی اصلاحات کرکے ایجوکیشن سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک میں بھی تعلیم کو عام بنایا جائے۔

کانفرنس میں سرکاری و نجی اداروں کے سربراہ اور ماہرین کے علاوہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی شخصیات بھی شریک ہیں۔

Comments (0)
Add Comment