برلن(مطیع اللہ)عوامی تحریک جرمنی و منہاج القرآن انٹرنیشنل جرمنی کے سینئر نائب صدر و معروف شخصیت محمدارشاد مرحوم کے لیے اہل خانہ، پاکستانی کیمونٹی اور منہاج القر آ ن برلن کی جانب سے تعزیتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر قرآن خوانی ختم قل میں لاکھوں مرتبہ درو د شریف، آ خری سورتیں اور قرآن پاک کی تلاوت کی گئی ۔
تعزیتی کانفرنس میں عوامی تحریک و منہاج القرآن کے بانی علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سمیت دیگر قائدین و رہنمائوں نے ٹیلیفونک تعزیت کرتے ہوئے محمد ارشاد مرحوم کےاہل خانہ صاحبزادوں و منہاج القرآن برلن کے رہنماؤں کے ساتھ دلی تعزیت کی ۔
تعزیتی کانفرنس میں برلن کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف جرمنی کے سابق صدر معروف بزنس مین طارق جاوید، پاکستان پیپلزپارٹی جرمنی کے سینئر رہنما ملک اسماعیل قیصر،معروف سماجی شخصیت میاں مبین اختر، پاکستان جرمن پریس کلب کے چیئرمین ظہوراحمد ،مسلم لیگ ن کے بشارت مرزا، اعجاز بٹ، قادر وائیں، مبشرلون سمیت دیگر سماجی کارکنان کی بڑی تعداد نے تعزیتی کانفرنس میں شرکت کی ۔
منہاج القرآن کے الحافظ القاری ڈاکٹر محمد حامد رضانے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بہترین صدقہ جاریہ نیک اولاد ہے، اپنی اولاد کی اچھی تربیت آپ کو دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت د یتی ہے، مرحوم محمد ارشاد کا کردار و اخلاق کمیونٹی کے سامنے ہے، انہوں نے اپنے بچوں کو اجتماعیت کے ساتھ جوڑے رکھا ،بہترین کردار سازی کی ہمیں اپنے لئے اور اپنی اولاد کی بہترین نشونما و تربیت کی ضرورت ہے،نیک اولاد ہی صدقہ جاریہ ہے۔
ڈاکٹر حامد رضا نے سینئر صحافی خالد حمید فاروقی سمیت گزشتہ دو سالوں کے دوران کورونا وباءسے جان کی بازی ہارنے والے اور تعزیتی کانفرنس میں شرکاء کے لواحقین کے لیے بھی دعائے مغفرت کی گئی۔
تعزیتی کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے مرحوم محمدارشاد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور دعائے مغفرت کی۔