ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھنے کی اشد ضرورت ہے ،حاجی عمران عطاری

دعوت اسلامی یونان کے زیراہتمام ایتھنز میں روحانی اجتماع،ہزاروں عاشقان مصطفیٰ کی شرکت

ایتھنز(انصراقبال بسراء)دعوت اسلامی یونان کے زیراہتمام ایتھنز میں روحانی اجتماع کا انعقاد ہوا ،اس اجتماع میں یونان بھر سے ہزاروں عاشقان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے شرکت کی، روح پرور اجتماع میں نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کے نعرے گونجتے رہے۔

اس اجتماع میں پاکستان سے رکن مرکزی شوری حاجی عمران عطاری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عمران عطاری کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دین سے دوری اختیار کر کے اپنے رب کو اپنے آپ سے دور کر لیا ہے اسی لیے آج پوری دنیا میں مسلمانوں کو ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ہم نے اپنی زندگی کا مقصد صرف پیسہ کمانا بنا لیا ہے اور ہم نے اپنے آپ کو دنیا کی عارضی زندگی میں خود کو اتنا مگن کر لیا ہے کہ ہم کو اپنی اولاد کی تربیت کی بھی فکر نہیں رہی،ہماری آنے والی نسلیں بھی دین سے لاعلمی کا شکار ہو رہی ہیں، دنیا کی رنگینی نے ہم کو عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے دور کر دیا ہے اور ہمارے دلوں سے اپنے رب اور دین کی محبت نا ہونے کے برابر ہے ہمارے لئے یہ لمحہ فکریہ ہے ۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران عطاری کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق قائم رکھنے کی اشد ضرورت ہے اور ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، ہمیں فوری طور پر اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اپنے رب کو راضی کرنا چاہیے ۔

بےشک ہمارا رب بہت مہربان اور معاف کرنے والا ہے اجتماع کے آخر میں بھیگی پلکوں کے ساتھ اپنے رب کے حضور گڑ گڑا کر معافی کی دعا مانگی گئی۔

Comments (0)
Add Comment