حج پیکج کی قیمت بڑھنے کے باعث یونان سے ایک بھی پاکستانی فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ نہیں ہو رہا
ایتھنز(انصر بسرا )دنیا بھر سے اس سال بھی لاکھوں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانہ ہو رہے ہیں، یونان سمیت پورے یورپ سے اس سال ہزاروں مسلمان فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہیں گے ۔
یونان یورپی یونین کا واحد ملک ہے جہاں سے اس سال ایک بھی پاکستانی فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے روانہ نہیں ہو رہا کیونکہ سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس سال حج پیکیج میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ۔
یونان کو سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے ہر سال چار سو افراد کا کوٹہ ملتا ہے اور سعودی وزارت مذہبی امور کی جانب سے ماضی میں یہ پیکیج تین سے ساڑھے تین ہزار یورو میں مہیا تھا مگر اس سال یونان سے حج پیکیج کو پانچ ہزار یورو سے بھی زیادہ بڑھا دیا ہے ۔
اسی وجہ سے اس سال یونان سے کوئی بھی پاکستانی مسلم فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب روانہ نا ہو سکا اگر گزشتہ بیس سال کا ریکارڈ دیکھیں تو یہ پہلا موقع ہے کہ یونان سے ایک بھی پاکستانی فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب نہیں جا سکا ۔
یونان میں پاکستانی کمیونٹی اس وقت یورپ کی بڑی کمیونٹیز میں شمار ہوتی ہے یونان میں اس وقت پاکستانی کمیونٹی کی تعداد ساٹھ ہزار سے زائد ہے۔